مریم اورنگزیب

وزیراعظم عمران خان کے پاس ایسازکوٹاجن ہے جس نے تمام محکموں کابیڑہ غرق کردیا ہے،مریم اورنگزیب

اسلام آ باد (عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے پاس ایسازکوٹاجن ہے جس نے تمام محکموں کابیڑہ غرق کردیا ہے، 100 دن میں ریاست مدینہ بنانے کے دعوے سب بھول گئے، خون چوسنے اور ہڈی توڑنے والا بجٹ پیش کیا گیا، ایک کروڑ نوکری 50 لاکھ گھر سب بھول گئے، ملک میں چینی کی قیمت بڑھ گئی، مہنگائی میں اضافہ ہوا، آج ہر پاکستانی 2 لاکھ روپے کا مقروض ہے، عمران خان نے کہا تھا چہرے نہیں، نظام بدلوں گا، عمران خان نے نظام کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے ایک کروڑ نوکریاں اور50لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن یہ سب بھول گئے۔عمران خان نے کہا تھا کہ چہرے نہیں نظام بدلوں گا، انھوں نے آج نظام کی اینٹ سے اینٹ بجادی۔ عمران خان نے کہا تھا کہ مرجاں گا لیکن آئی ایم ایف نہیں جاں گا اور یہ بھی بھول گئے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس حکومت کے وزیر خزانہ،چیئرمین ایف بی آر4بار تبدیل ہوچکے ہیں۔ حکومت نے ہڈی توڑ بجٹ پیش کیا ہے۔ بجٹ کی کتابوں کی مار کھا کر پتہ چلا کہ کیسابجٹ پیش کیاگیا۔ لیگی رہنما نے کہا کہ آرٹی ایس بٹھا کر ایک پارٹی کو مسلط کیا گیا۔ آج ہر پاکستانی پونے 2 لاکھ روپے کا مقروض نظر آتا ہے۔

حکومت کے 100 دن میں ملک کو ریاست مدینہ بنانے کے دعوی جھوٹے نکلے ہیں۔ حکومت پر مزید تنقید کرتے ہوئے انھوں نے طنزیہ لہجے میں کہا کہ عمران خان کے پاس ایسا جن ہے جو 12سو ارب روپے کی ویکسین کھا گیا۔ 23 فارن فنڈنگ اکانٹ سے زکو کے پیسے کھاگیا۔ ابھی رنگ روڈ کے 6 ارب روپے بھی کھانے تھے لیکن عمران خان نے جن کو کہا کہ ابھی نوازشریف اور شہباز شریف کے بنائے ہوئے اور بھی منصوبے باقی ہیں۔ مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کے پاس انا کا جن بھی ہے۔ عمران خان کی انا نے پاکستان کے نظام کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ حکومت نے اب تک نیشنل کمیشن فار اسٹیٹس آف ویمن کی چئیرپرسن کی تقرری نہیں کی ۔ نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کے چئیرمین کا تقرر بھی نہیں ہوسکا۔

نیشنل کمیشن فار چائلڈ رائٹس کے سربراہ کو بھی نہیں لگایا جاسکا۔ الیکشن کمیشن دو سال ادھورا رہا جبکہ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کا چئیرمین نہیں آسکا۔ یہ سب اس لئے ہوا کیوں کہ وزیراعظم اپنی انا کی وجہ سے اپوزیشن لیڈر کے ساتھ مشاورت کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے انھوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا انا کا جن صرف دو مرتبہ چھٹی جاتا ہے،ایک تب جب نواز شریف کے منصوبوں پر تختی لگانی ہو اوردوسرا تب جب نواز شریف کے بنائے ہوئے منصوبے گروی رکھنے ہوں۔آج جس پر پاکستان چل رہا ہے وہ بجلی نواز شریف نے بنائی۔ انتخابی اصلاحات سے متعلق انھوں نے کہا کہ یہ وہ ہوتی ہیں جو اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی نے کیں۔ قانون سازی کو بلڈوز کر کے انتخابی اصلاحات نہیں ہوتیں۔ مسلم لیگ نون پاکستان کے ووٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دے گی۔ مسلم لیگ نون کو سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ اورالیکٹرانک ووٹنگ مشین سے بھی مسئلہ نہیں ہے۔الیکشن کمیشن سے اس کی خودمختاری چھینی گئی ہے اورالیکشن کمیشن کے اختیارات نادرا کو دیے جا رہے ہیں لیکن مسلم لیگ نون ایسا نہیں ہونے دے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں