سردار عثمان بزدار

وزیراعظم عدم اعتماد سے سرخرو ہوکر نکلیں گے‘ وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور (نمائندہ عکس) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عدم اعتماد سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی اظہر عباس چانڈیا اور مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی کی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، آپ نے ہمیشہ ہمارے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے ہیں۔دوسری جانب ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ترقی کا سفر روکنے کیلئے اپوزیشن سیاسی انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، افراتفری کی سیاست کرنا قومی مفادات کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاست صرف ذاتیات کے گرد گھومتی ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اور ہر ہتھکنڈے کا مقابلہ کریں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ عدم اعتماد کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے، وزیراعظم عمران خان عدم اعتماد سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں اشرف خان رند، سردار منصور احمد خان، میاں علمدار عباس قریشی، نیاز حسین خان اور عون حمید شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں