شاداب خان

نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان اسکواڈ میں شامل نہ ہونے پر اسپن بولنگ آل رائونڈر شاداب خان کی وضاحت

لاہور( عکس آن لائن) نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان اسکواڈ میں شامل نہ ہونے کے بعد شاداب خان نے بھی وضاحت دے دی۔پاکستان ٹیم کے اسپن بولنگ آل رائونڈر شاداب خان نے سوشل میڈیا پر اسکواڈ میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ بدقسمتی سے میری انگلی میں معمولی فریکچر ہے۔شاداب خان نے نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ خطرے کی کوئی بات نہیں، 3ہفتوں میں ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گا۔علاوہ ازیں ٹوئٹر پر ایک اکائونٹ سے کی گئی پوسٹ پر شاداب خان نے جواب دیا کہ ایک وقت تھا جب مجھے بھی کوئی نہیں جانتا تھا۔

شاداب خان نے لکھا کہ ایک مرتبہ اپنے نئے کھلاڑیوں کو موقع دے کر دیکھئے، سب میں ٹیلنٹ ہوتا ہے جو اس لیول تک پہنچتے ہیں۔واضح رہے کہ جمعرات کے روز عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیرسیز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔عبوری چیف سلیکٹر نے بتایا تھا کہ شاداب خان کو کہا گیا کہ پہلے بولنگ کرائیں پھر بتائیں کہ کیسا محسوس کر رہے ہیں جس کے بعد شاداب نے بتایا کہ انہیں انگلی میں تکلیف ہے اس لیے ان کو آرام دیا جارہا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے میچز 9، 11اور 13جنوری کو کراچی میں شیڈول ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں