ایپکس کمیٹی کا اجلاس

نیشنل ایکشن پلان پر ایپکس کمیٹی کا اجلاس ،پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا حتمی فیصلہ

اسلام آباد (عکس آن لائن)نیشنل ایکشن پلان پر ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق منگل کو نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، خفیہ اداروں کے حکام اور وزرائے اعلیٰ سمیت وفاقی و صوبائی وزراء شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان میں غیر قانونی غیرملکیوں کو ملک سے نکل جانے کے لیے حتمی ڈیڈ لائن دینے کا امکان ہے، تمام غیر قانونی غیرملکی ڈیڈ لائن تک تمام اثاثے بیچ کر اپنے وطن واپس جانے کے پابند ہوں گے اور ڈیڈ لائن ختم ہونے پر غیر ملکیوں کو ملک بدر اور جائیدادیں قرق کر دی جائیں گی۔

ذرائع نے بتایاکہ افغان شہری اجراء کردہ ڈیجیٹائزڈ ای تزکیرہ پر ہی پاکستان کا سفر کرسکیں گے، پاکستان میں صرف ‘پروف آف رجسٹریشن والے افغان مہاجرین سکونت کے اہل ہوں گے جبکہ باقاعدہ قانونی ویزے والے افغان شہری بھی پاکستان کا سفر کرنے کے اہل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی جاری رہے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی کی روک تھام سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے شرکاء نے دہشت گردی کے واقعات پر غور کیا اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔اجلاس میں نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ دہشت گرد ملک اور قوم کے دشمن ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں