نگراں وزیراعلی پنجاب

نگراں وزیراعلی پنجاب کا غیرقانونی مقیم تارکین وطن کیخلاف سخت کریک ڈاون کا حکم

لاہور(عکس آن لائن) نگراں وزیراعلی پنجاب نے قومی اپیکس کمیٹی کے فیصلے کے تحت غیرقانونی مقیم تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاون شروع کرنے اور کسی کے ساتھ نرمی نہ برتنے کے احکامات جاری کردیے۔ پنجاب میں غیرقانونی تارکین وطن کے معاملے میں نگران وزیراعلی محسن نقوی نے پنجاب میں تارکین وطن کا ڈیٹا جمع کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

آئی جی پنجاب اور تمام اضلاع کے آر پی اوز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں جس کے بعد غیر قانونی تارکین کے شناختی کارڈز کی باقاعدہ تصدیق کی جائے، غلط شناختی کارڈز کو فوری بلاک کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔وزیر اعلی نے ہدایت دی ہے کہ پولیس موثر آپریشن کے ذریعے غیر قانونی تارکین وطن کا ڈیٹا جمع کرے، کسی غیر قانونی تارکین وطن کے ساتھ نرمی نہ کی جائے۔

پنجاب حکومت نے گزشتہ روز اپیکس کمیٹی اجلاس کے بعد پنجاب میں آپریشن کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب حکومت نیشنل ایکشن پلان کے تحت غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی شروع کرنے جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں