محسن نقوی

نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی عوام کیلئے قربانیاں دینے والے پولیس شہدا کے بچوں کی آواز بن گئے

لاہور ( عکس آن لائن) نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی عوام کے لئے قربانیاں دینے والے پولیس شہدا کے بچوں کی آواز بن گئے۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے پولیس شہدا کے بچوں کی محکمانہ بھرتی کے طریقہ کار کو آسان بنا نے کا حکم دیا ہے۔نگران وزیراعلی محسن نقوی کی ہدایت پر اوپن میرٹ پر آنے والے پولیس شہدا کے بچوں کو محکمانہ بھرتی کے دوران 10 اضافی نمبر دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ پولیس شہدا کے بچوں کو محکمانہ بھرتی کیلئے رولز کو مزید آسان کیا جائے گا اور متعلقہ ضلع میں سیٹ دستیاب نہ ہونے پر شہدا کے بچوں کو کسی اور ضلع میں بھرتی کیا جاسکے گا۔

فرض کی راہ اور سماج دشمن عناصر سے لڑتے ہوئے معذور ہو جانے والے بہادر غازیوں کے امدادی پیکیج میں بھی اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی کی ہدایت پر آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جیز اسٹیبلشمنٹ، آپریشنز اور آئی ٹی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی 7 روز میں اپنی سفارشات تیار کرکے ایگزیکٹو بورڈ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔نگران وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ بہادر شہدا کی لازوال قربانیوں کے شایان شان عزت و احترام ان کے خاندان کا حق ہے۔ انہوں نے شہدا کے خاندانوں کے زیر التوا مالی امداد کے کیسوں کو جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کو مالی امداد کی بلا تاخیر ادائیگی کے لیے فنڈز کا فی الفور انتظام کیا جائے گا۔

شہدا کے بچوں کی اعلی تعلیم کے حصول کیلئے سسٹم کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور شہدا کے بچوں کے متعلقہ اضلاع کے معیاری تعلیمی اداروں میں داخلے کیلئے پالیسی وضع کی جائے گی۔ نگران وزیراعلی نے شہدا کے بچوں کیلئے بہترین میڈیکل، انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنسز سمیت دیگر تعلیمی اداروں میں داخلوں کا انتظام ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی ہدایت کی۔ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلی آفس میں انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انوراور سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ نے ملاقات کی۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے شہدا کے بچوں کی محکمانہ بھرتی کو آسان بنانے کے حوالے سے بریف کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں