احسن اقبال

نواشریف کی واپسی پاکستان کی تعمیر کی تحریک ہے ،احسن اقبال

نارووال ( عکس آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ میرا دل بوجھل ہے کیونکہ ہم روشنیوں میں پر سکون بیٹھے ہیں اور غزہ میں اس وقت مسلمان بھائی کربلا میں بیٹھے ہیں ،فلسطینیوں کی بجلی اور پانی بند ہے ان کے گھروں کو موت کے گھاٹ بنا دیا گیا ہے ،

اسرائیل کی بمباری سے بچے خواتین اور ہسپتال نشانہ بن رہے ہیں جو ظلم اور بربریت کی مثال ہے، امریکہ کے سینیٹر نے کہا ہے یہ مذاہب کی جنگ ہے اس کی بات کا مطلب ہے کہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف جنگ ہے ،اسلام کے خلاف لابی کام کر رہی ہے اور یہ سازش کئی سالوں سے جاری ہے ،افغانستان ،شام،عراق اور لیبیا میں مسلمانوں کو لڑایا جا رہا ہے ۔

خیالات کا اظہار انہوں نے 21 اکتوبر کو میاں نواز شریف کی وطن واپسی اور استقبال کے سلسلہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امت مسلمہ کا واحد ایٹمی طاقت ہے ،پاکستان کے خلاف بھی اس وقت سازش شروع ہو گئی جب نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور اس ایٹمی طاقت کو دنیا نے مشکل سے قبول کیا ،اللہ کے فضل سے ایٹمی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں ،کوئی دشمن میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے 9 مئی کو پی ٹی آئی کے فوج اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی سازش کو ناکام کیا اور ایٹمی طاقت کو بچا لیا گیا ،اسی پی ٹی آئی نے ہمارے قائد نوازشریف کے خلاف نوجوانوں میں نفرت بھری۔ انہوںنے کہا کہ نواشریف کا 21 اکتوبر کو بھرپور استقبال ہوگا کیونکہ پاکستان کو اس وقت مضبوط حکومت چاہیے ،ہم کشکول توڑیں گے ،نوجوانوں کو روزگار اور لیپ ٹاپ دیں گے ،مسلم لیگ (ن) ہی نوجوانوں کا مستقبل بہتر بنائے گی ،نواشریف کی واپسی پاکستان کی تعمیر کی تحریک ہے 21 اکتوبر کو نعرہ تکبیر بلند ہوگا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں