میاں زاہد حسین

نواز شریف کی واپسی سے ملکی سیاست متوازن ہوجائے گی،میاں زاہد حسین

کراچی (عکس آن لائن)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدراورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی واپسی سے ملکی سیاست متوازن ہوجائے گی اور سیاسی استحکام کی جانب پیش رفت ہوگی جس سے عوام اورمعیشت پرمثبت اثرات مرتب ہونگے۔ سابق وزیراعظم نے جیل، جلا وطنی اور دیگر مشکلات کے باوجود اپنی تقریرمیں عوام کو بھڑکانے کی نہ کوئی کوشش کی نہ ہی کسی قسم کے انتقام کی بات کی جو انکے سیاسی تدبر کا ثبوت ہے۔

میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم نے کسی قسم کے بلند بانگ دعوے بھی نہیں کئے جس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ ملک میں اچھل کود اور ہنگامہ آرائی کی سیاست نہیں چاہتے جس سے عوام اور کاروباری برادری نے سکھ کا سانس لیا ہے کیونکہ اب ملک مزید احتجاج اور رسہ کشی کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے۔ میاں زاہد حسین نیمزید کہا کہ سابق وزیراعظم نے مسلح افواج اورعدلیہ سے شکایات کے باوجود انکا ذکر نہیں کیا جس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ ماضی کی باتوں کو بھول کرآگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

میاں زاہد حسین نیمزید کہا کہ مجموعی طور پر نواز شریف کا خطاب سنجیدہ متوازن اور فکر انگیز تھا جس میں انھوں نے واضح کیا کہ محاذ ارائی کی سیاست ملک کو پیچھے دھکیل رہی ہے اس لئے وہ اس پر یقین نہیں رکھتے اور یہ کہ ملکی اداروں سے مخاصمت بھی نقصان دہ ہے جس سے اجتناب ضروری ہے۔ ان کی باتوں سے واضح ہوگیا ہے کہ ان کی لڑائی سیاستدانوں، بیوروکریسی اور کسی ادارے کے بجائے غربت، مہنگائی، جہالت، بد امنی اور نا انصافی سے ہے جوکہ اطمینان بخش ہے۔ میاں زاہد حسین نیمزید کہا کہ اس وقت پاکستان کو جنت بنانے کے دعوے کرکے اسے تباہ کرنے والی سیاسی قوتوں کو چائیے کہ اپنے مفادات کے لئے سیاسی فضاء کو مسموم نہ کریں اور نہ ہی عوام کو سبز باغ دکھائیں کیونکہ انکا ماضی اورکارنامے سب کے سامنے ہیں۔

میاں نواز شریف کو اپنی سیاسی اور معاشی غلطیوں کا احساس ہے اور وہ ملک کو موجودہ مسائل سے نکالنے کے لئے پرعزم ہیں۔ اگروہ سب کچھ بھلا کردرست سمت میں آگے بڑھتے ہیں اور ایک قابل عمل معاشی پروگرام کا اعلان کرتے ہیں تو انھیں عوام، کاروباری برادری اور تمام اہم اداروں کا بھرپور تعاون حاصل ہوگا کیونکہ انھیں احساس ہے کہ ملک کو بچانا اور معیشت کی بحالی اولین ترجیح ہے جس کے بغیر ہمارا کوئی مستقبل نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں