جمشید اقبا ل چیمہ

نئے انتخابات کی پیشگوئیاں کرنیکی بجائے لیگی رہنما اپنی سکڑتی ہوئی جماعت پر توجہ دیں ‘ جمشید اقبال چیمہ

لاہور(عکس آن لائن)انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ جب وزیر اعظم عمران خان نے باگ ڈور سنبھالی تو ملک کا دیوالیہ نکلا ہوا تھا ،کورونا وائرس کے باعث مشکلات کے باوجود حکومت صنعت ،زراعت ، سروسز اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کا پہیہ چلانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے،سابقہ دور میں خلاء میں منصوبوں کاافتتاح کر کے اور شہباز سپیڈ کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا گیا ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ لیگی رہنما حکومت کے جانے اور نئے انتخابات کی پیشگوئیاں کرنے پر اپنی توانائیاں صرف کرنے کی بجائے اپنی سکڑتی ہوئی پارٹی پر توجہ دیں تو ان کے لئے زیادہ بہتر ہوگا ۔ اپوزیشن اس وقت سیاسی طو رپر بیروزگار ہے اگر وہ اپنے لوگوں کو ساتھ رکھنے کیلئے اس طرح کی سیاسی بڑھکیں لگا رہے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ۔ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقتدار اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا جبکہ تحریک انصاف اس کے برعکس عوام اور ملک کے مفاد کا تحفظ کر رہی ہے ۔

موجودہ حکومت نے سابقہ دور کے بیگاڑ کو درست کرنے کیلئے مشکل اور غیر معمولی فیصلے کئے ہیں۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ انشا اللہ پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں آگے بڑھتا رہے گا اور اس کے بد خواہ ہمیشہ کی طرح نا مراد ہی رہیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں