عمران خان

میرے کردارکشی کیلئے ویڈیوز تیارکی جارہی ہیں‘ عمران خان

اسلام آباد(نمائندہ عکس)تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کے مخالفین نے ایسی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی ہیں جو ان کی کردار کشی کے لیے ’ویڈیوز‘ تیار کررہی ہیں‘مجھے مافیاز کا سامنا کرنا پڑا‘ جن میں سب سے بڑا شریف مافیا ہے‘ وہ ہمیشہ ذاتی سطح پر حملہ کرتے ہیں ‘یہ خاندان 35 برس سے کرپشن میں ملوث ہیں‘شریف خاندان نے ایسی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی ہیں جو مواد تیار کر رہی ہیں‘اربوں روپے کی چوری کا جواب دینے کی بجائے شریف خاندان اب میری کردار کشی پر توجہ دیگا ‘شریف خاندان نے ایسی ’ویڈیوز‘ بنا لی ہیں جس طرح سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور مرحوم جج ارشد ملک کی طرح تھی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’مجھے مافیاز کا سامنا کرنا پڑا، جن میں سب سے بڑا شریف مافیا ہے، وہ ہمیشہ ذاتی سطح پر حملہ کرتے ہیں کیونکہ یہ خاندان گزشتہ 35 برس سے کرپشن میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے عید کے بعد میرے خلاف کردار کشی کی مہم شروع کرنے کی تیاریاں کی ہیں، اب جبکہ عید ختم ہو چکی ہے، آپ دیکھیں گے کہ وہ میرے کردارکشی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، شریف خاندان نے ایسی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی ہیں جو مواد تیار کر رہی ہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین نے دعویٰ کیا کہ اربوں روپے کی چوری کا جواب دینے کے بجائے شریف خاندان اب ان کی کردار کشی پر توجہ دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ جمائما کا جرم کیا تھا؟ وہ میری بیوی تھی، اب انہیں فرح خان مل گئی ہے، فرح کا جرم یہ ہے کہ وہ میری اہلیہ بشریٰ بیگم کی قریبی ساتھی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شریف خاندان نے مزید تیاریاں کرلی ہیں ایسی ’ویڈیوز‘ بنا لی ہیں جس طرح سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار اور مرحوم جج ارشد ملک کی طرح تھی۔ سابق وزیرا عظم نے مزید کہا کہ یہ مافیا کا انداز ہے، میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ قوم یہ سمجھے کہ اگر آپ کسی کا نام خراب کرنا چاہتے ہیں تو ایسی کمپنیاں ہیں جو آپ کی مدد کر سکتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں