نرملا ستھرامان

میرے پاس الیکشن لڑنے کیلئے پیسے نہیں ہیں، بھارتی وزیر خزانہ

نئی دہلی(عکس آن لائن)بھارتی وزیر خزانہ نرملا ستھرامان نے کہا ہے کہ میرے پاس لوک سبھا کے الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نرملا ستھرامان نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کے صدر جے پی نڈا نے انہیں آندھرا پردیش یا تامل ناڈو سے انتخابات لڑنے کا اختیار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 8 سے 10 دن سوچنے کے بعد میں نے بی جے پی کے صدر کو بتایا کہ میرے پاس الیکشن لڑنے کے لیے درکار فنڈز نہیں ہیں۔

نرملا ستھرامان کا کہنا تھا کہ میں جے پی نڈا کی بہت شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری دلیل کو قبول کیا اور اب میں الیکشن نہیں لڑ رہی ہوں۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ ملک کی وزیر خزانہ کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے کیوں نہیں ہیں، تو انہوں نے جواب دیا کہ بھارت کا کنسولیڈیٹڈ فنڈ ان کا نہیں ہے۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میری تنخواہ، میری کمائی اور میری بچت میری ہے نہ کہ بھارت کا کنسولیڈیٹڈ فنڈ۔واضح رہے کہ لوک سبھا کی 543 نشستوں کے لیے عام انتخابات کا آغاز 19 اپریل سے ہو گا، بھارتی ریاستوں میں سات مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی جس کا اختتام یکم جون کو ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں