حافظ حسین احمد

میاں نواز شریف نے شہباز شریف کے بجائے مولانا فضل الرحمن کو پی ڈی ایم کا نمائشی صدر بنادیا’حافظ حسین احمد

عبدالحکیم (عکس آن لائن ) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا پی ڈی ایم کے مجوزہ رینٹل مارچ کے ساتھ ہی پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں سے ایک بار پھر استعفیٰ دینے کے بیان کو 24 گھنٹے گذر نے سے پہلے ہی بلاول زرداری نے استعفے نہ دینے کا بیان دیکر ”ویٹو” کردیا ہے

انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری کے اس ”ویٹو نما” بیان کواب 16مارچ کو پی ڈی ایم کے ہونے والے سربراہی اجلاس میں ماضی کی طرح اب بھی بادل ناخواستہ صرف ”گود” ہی لیا جائے گا جبکہ پیپلز پارٹی اسی طرح پی ڈی ایم کو 2018ء کے دھاندلی کی پیداوار اسی قومی اسمبلی کے ٹرک کی بتی کے پیچھے 2023ء تک لگائے رکھے گی

ایک سوال کے جواب میں حافظ حسین احمد نے کہا کہ اصل میں میاں نواز شریف نے اپنے مخصوص مقاصد کے حصول کے لیے شہباز شریف کے بجائے مولانا فضل الرحمن کو پی ڈی ایم کا نمائشی صدر بنادیا اور آزادی مارچ کے حوالے سے بیمار ی کا ایک ڈرامہ کیا گیا اور اب مستقبل کے ”رینٹل مارچ” میں بھی باپ کی طرح بیٹی کی لندن روانگی کا پلان لگتاہے جس کے لئے پہلے ایک ایسی چھوٹی سی سرجری جو پاکستان میں ممکن نہیں کے سہارے کی منصوبہ بندی کی گئی مگر اس میں ناکامی کے بعد اب محترمہ بے نظیر بھٹو مرحومہ کے سانحہ کے طرز کا حوالہ دیتے ہوئے جو نیا بیانیہ سامنے لایا گیاوہ نہ صرف انتہائی تشویشناک بلکہ انتہائی خطرناک مسائل کا خدانخواستہ شاخسانہ ثابت ہو سکتا ہے، اس لئے لگتا ہے کہ ”مجوزہ رینٹل مارچ” بھی کسی کی ”لندن” روانگی کا پلان ثابت ہو سکتاہے ـ

اپنا تبصرہ بھیجیں