موٹروے پولیس

موٹروے پولیس نے لاہور سے چوری ہونے والی گاڑی پکڑ لی، ملزم گرفتار

اسلام آباد (عکس آن لائن) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ایک روز قبل لاہور سے چوری ہونے والی گاڑی پکڑ کر ایک ملزم گرفتار کر لیا۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق کنٹرول روم کے ذریعے موٹروے پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک کرولا گاڑی نمبرایل ڈبلیو بی۔ 133ماڈل 2005ء لاہور سے چوری ہوئی ہے۔ اطلاع پاتے ہی موٹروے پولیس کے افسران چوکس ہو گئے۔

بعدازاں مذکورہ گاڑی جب پشاور موٹروے پر صوابی کے قریب سے گزر رہی تھی ڈیوٹی پر مامور انسپکٹر شاویز اور سب انسپکٹر سیّد سلطان نے مطلوبہ گاڑی کو ٹریس کر لیا اور گاڑی کا پیچھا کرنے پر ملزم نے گاڑی بھگا دی لیکن کچھ دیر کی تگ و دو کے بعد گاڑی روک لی گئی اور ملزم کی فرار ہونے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ملزم اکرام دل سکنہ صوابی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد گاڑی بمعہ ملزم مزید قانونی کاروائی کیلئے تھانہ چھوٹا لاہور صوابی کے حوالہ کر دی گئی ہے۔ ڈی آئی جی موٹروے اشفاق احمد نے کامیاب کارروائی پر افسران کو شاباش دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں