صدر مملکت

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے جدید زرعی ٹیکنالوجی اور موثر فیصلہ سازی ناگزیر ہے، صدر مملکت

اسلام آباد (عکس آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان میں قدرتی وسائل کی فراوانی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجی اور موثر فیصلہ سازی کو اپنانا ناگزیر ہے۔

منگل کو یہاں انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے زیر اہتمام ”موسمیاتی بحران،جنوبی ایشیا کی لچک کی تشکیل”کے موضوع پر ریجنل ڈائیلاگ 2024 میں اپنے افتتاحی خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پانی، قابل تجدید توانائی کی صلاحیت اور دیگر وسائل سے مالا مال ہے تاہم اسے فیصلوں پر عمل درآمد اور مطابقت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے سابق سفارت کاروں، ماہرین تعلیم اور محققین کے اجتماع کو بتایا کہ پاکستان کے پاس تقریبا 150 ملین ایکڑ فٹ پانی موجود ہے جو سپرے اور ڈرپ اریگیشن جیسی جدید زرعی تکنیک کو اپنانے اور آبپاشی کے روایتی طریقوں کو تبدیل کرنے کی صورت میں اس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہے ، قومی آبی پالیسی اور دیگر متعلقہ قوانین کے نفاذ پر زور دیتے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پرائسنگ میکنزم بھی پانی کی بچت کا سبب بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں روزانہ تقریبا 400 ملین گیلن پانی سیوریج کے ذریعے سمندر میں گرایا جاتا ہے جو کہ ایک جرم ہے۔ انہوں نے ماہی گیروں کی جانب سے ممنوعہ جالوں کے استعمال پر بھی روشنی ڈالی جس کے نتیجے میں سمندری حیات کا بہت زیادہ نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف وجوہات کی بنا پر یورپ پاکستان سے مچھلی کی درآمد کی اجازت نہیں دے رہا۔

صدر مملکت نے ہالینڈ کی مثال دی جو پاکستان سے حجم میں 19 گنا چھوٹا ہونے اور پاکستان جیسا وافر پانی دستیاب نہ ہونے کے باوجود دنیا میں خوراک فراہم کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح ویتنام نے بھی بین الاقوامی معیارات اور تکنیکوں کو اپناتے ہوئے ماہی گیری کی برآمدات کو تقریبا 10 بلین ڈالر سالانہ تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی جانب سے جدید زرعی ٹیکنالوجی کو اپنانے پر توجہ دے کر پاکستان بھی دنیا کو خوراک فراہم کر سکتا ہے۔

انہوں نے بہترین حکمت عملی کے ذریعے کوویڈ-19 کے بحران میں پاکستان کی کامیابیوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ اگر ملک ایسی طرح کی مثال قائم کرے جیسا کہ اس نے وسیع پیمانے پر درخت لگانے کے ذریعے بھی دنیا میں پہچان حاصل کی، تو دنیا اس کے نقش قدم پر چلے گی،صدر نے تحقیقی کاموں کو انجام دینے میں تھنک ٹینکس کے کردار کی تعریف کی تاہم ان پر زور دیا کہ وہ اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ کریں تاکہ پالیسی ساز ان سے مستفید ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی بے مثال ترقی کر رہی ہے جبکہ انسانی فکری قوت زوال پذیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا نظام مفادات کی بنیاد چلایا جا رہا ہے، جس کی انسانی قدریں سب سے بڑا شکار ہیں۔ قبل ازیں آئی آر ایس کے صدر ایمبیسیڈر ندیم ریاض نے اپنے تعارفی کلمات میں کہا کہ علاقائی ڈائیلاگ ادارے کا سالانہ فلیگ شپ ایونٹ ہے جس میں پاکستان اور بیرون ملک سے سفارتکار، پالیسی ساز، محققین اور ماہرین تعلیم مدعو ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسٹی ٹیوٹ کو 42 قومی اور بین الاقوامی شراکت داروں کا تعاون حاصل ہے اور یہ اپنے تحقیقی کام کے ذریعے پالیسی سازوں اور حکمت عملی سازوں کو بصیرت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کے لحاظ سے سب سے زیادہ کمزور خطہ ہے جس سے اس کے ماحولیاتی نظام، غذائی تحفظ اور توانائی کو خطرات لاحق ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں