پاکستان کارپٹ

موجودہ حالات میں سنگل کنٹری ورچوئل نمائشوں پر توجہ مرکوز کی جائے ‘ کارپٹ ایسوسی ایشن

کراچی /لاہور(عکس آن لائن) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کورونا وائرس کی وباء میں سنگل کنٹری ورچوئل نمائشوں کے انعقاد کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہم نے اپنی برآمدات کومتاثر ہونے سے بچانا ہے تو ہمیں نئے رجحانات کی جانب پیشرفت کرنا ہو گی، غیر ملکی درآمد کنندگان سے رابطوں میں رہنا ہوگا کیونکہ ان رابطوں سے ہی پاکستان کی برآمدات کا مستقبل وابستہ ہے ،برآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کیلئے الگ سے سیکرٹریٹ قائم ہونا چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے ماہانہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف ،سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک،اکبر ملک، اخترنذیر خان، سعید خان،اعجازالرحمان، کامران رضی،قمر ضیا،عامرخالد شیخ، عتیق الرحمان، فیصل سعید خان،دانیال حنیف اوردیگر نے بھی شرکت کی ۔

ریاض احمد نے کہا کہ حکومت یونیورسٹی سطح کے طلبہ کو نئے آئیڈیاز پر کام کرنے کی ذمہ داری سونپے جو مختلف شعبوںکے لوگوں سے ملاقاتوں کے بعد اپنی تجاویز کاڈرافٹ تیار کر کے دیں اور مشاورت کے بعداس کی منظوری دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کے ڈیزائن میں جدت اورمعیار کومزید بہتر کیا جارہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہماری مصنوعات کو آج بھی دنیا بھر میں پسند کیاجاتا ہے ۔ انہوں نے شرکاء سے بھی کہا کہ وہ موجودہ حالات میں برآمدات کو بر قرار رکھنے کے لئے تجاویز ارسال کریں جنہیں پیش رفت کے لئے حکومت کو ارسال کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں