شیخ رشید

منشیات فروش دہشت گرد ہیں پاتال تک پیچھا کرینگے، شیخ رشید

کراچی (عکس آن لائن)پاکستان کو دہشت گردوں اور منشیات فروشوں سے پاک کرنے کیلئے انکا پاتال تک پیچھا کرینگے اور نشان عبرت بنا کر پاکستان کے عوام کو محفوظ مستقبل فراہم کرینگے۔

نوجوان نسل خصوصاً طلباء و طالبات کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان بڑے اقدامات لینے والے ہیں لیکن حکومت کے ساتھ ساتھ سماجی رہنماؤں اور عوام کو بھی حکومت کا ساتھ دینا ہوگا اور یہ بات خوش آئند ہے کہ40سال سے جاری مشن نارکوٹکس فری پاکستان لائف ٹائم کے چیف آرگنائزر ملک کلیم احمد اعوان مسلسل در مسلسل منشیات کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں اور حکومتی اداروں خصوصاً افواج پاکستان کے ذیلی اداروں کو فخر ہے کہ وہ کلیم اعوان کے اس مشن کا شانہ باشانہ ساتھ دے رہے ہیں۔

انشا ء اللہ پاکستان کی عوام کی مدد کے ساتھ بہت جلد منشیات فروشوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔ یہ بات وفاقی وزیر داخلہ اورنارکوٹکس فر ی پاکستان لائف ٹائم کے سرپرست اعلیٰ شیخ رشید احمد نے سند ھ سائیکلنگ ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان کے نام ایک خصوصی پیغام میں کہی جو 10جنوری2021ء سے منشیات کے خلاف دوسری 100روزہ مشن نارکوٹکس فری پاکستان لائف ٹائم مہم کا آغاز کررہے ہیں۔ دریں اثناء کلیم اعوان جو اس مشن کے چیف آرگنائزر بھی ہیں نے بتایا کہ مہم کا آغاز 10جنوری کو اسٹار گیٹ شاہراہ فیصل سے سائیکل ریس سے ہوگا اسکے علاوہ دیگر کھیلوں میں رسہ کشی ، آرم ریسلکنگ ، باکسنگ، میراتھن، گدھا گاڑی ریس، اونٹ ریس،ایتھلیٹکس، باسکٹ بال اور تقریری مقابلے، پوسٹر کمپٹیشن مباثے بھی شامل ہیں۔ اس مہم کی دیگر تفصیلات کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں