رانا ثنااللہ

منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثنااللہ اور دیگر ملزمان چھ مارچ کو فرد جرم کی کارروائی کیلئے طلب

لاہور(عکس آن لائن) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثنااللہ اور دیگر پانچ ملزمان کو 6مارچ کو فرد جرم کی کارروائی کیلئے طلب کرلیا، عدالت نے رانا ثنااللہ کے بنک اکائونٹس کھولنے کی درخواست پر اے این ایف پراسیکیوٹر سے 17فروری کو تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن نے رانا ثنااللہ اور دیگر پانچ ملزمان کے خلاف منشیات کیس کی سماعت کی۔ عدالتی حکم پر رانا ثنااللہ کو ضمنیوں میں قلمبند کئے گئے بیس افراد کے بیانات کی کاپیاں فراہم کردی گئیں۔ فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ مشتاق مالک الرحمن گارڈن کے بیان پر لکھا ہی نہیں گیا کہ یہ فرد کس کے پاس پیش ہوا اور جس شخص نے ضمنی لکھی ہے وہ گواہوں کی فہرست میں شامل ہی نہیں۔عدالتی استفسار پر اے این ایف پراسیکیوٹر نے بتایا کہ اس کیس کے تفتیشی افسر رائے اکرام ڈپٹی ڈائریکٹر نے ضمنیاں تحریر کی ہیں۔ عدالت نے رانا ثنااللہ سمیت دیگر ملزموں کو چھ مارچ کو فرد جرم کی کارروائی کیلئے طلب کرلیا۔ دوسری جانب عدالت نے رانا ثنااللہ کے بنک اکانٹس کھولنے کی درخواست پر پراسیکیوٹر سے 17فروری کو جواب طلب کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں