فلورملز

ملک میں گندم کا وسیع اسٹاک ہونے کے باوجود آٹا بحران پیدا ہوا

اسلام آباد (عکس آن لائن)ملک میں گندم کا وسیع اسٹاک ہونے کے باوجود آٹا بحران پیدا ہوا، ملک میں گندم کا 44 لاکھ 37 ہزار میٹرک ٹن اسٹاک موجود ہے۔ذرائع نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے مطابق گندم کا موجود اسٹاک اپریل کے آخر تک کیلئے کافی ہے، 13 لاکھ میٹرک ٹن درآمدی گندم موجود اسٹاک کے علاوہ موجود ہوگی۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے پاس 106دن کا 22 لاکھ 5 ہزار میٹرک ٹن اسٹاک ہے، سندھ کے پاس 98 دن کی 8 لاکھ 37 ہزار میٹرک ٹن گندم ہے، کے پی کے پاس 152 دن کی 6 لاکھ 46 ہزار میٹرک ٹن گندم ہے۔ذرائع نے بتایا کہ صوبے کی جانب سے ملوں کو وعدوں کے باوجود کم گندم جاری کی جا رہی ہے، سرکاری گندم کم جاری ہونے سے اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھ گئی۔

ذرائع کے مطابق سندھ یومیہ 10 ہزار کی بجائے 8 ہزار میٹرک ٹن گندم ملوں کو دے رہا ہے، پنجاب سرکاری گندم 25 ہزار کی بجائے 20 ہزار میٹرک ٹن گندم ملوں کو جاری کرتا رہا، بلوچستان 1 ہزار کی بجائے 350 میٹرک ٹن گندم ملوں کو جاری کر رہا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ کے پی سرکاری گندم 6 ہزار کی بجائے 4500 میٹرک ٹن یومیہ گندم جاری کر رہا ہے، سندھ میں گندم کی امدادی قیمت 4 ہزار من مقرر ہونے سے ذخیرہ اندوزی بڑھ گئی۔ذرائع کے مطابق صوبے پاسکو کے پاس موجود اپنے کوٹے کی گندم اٹھانے سے گریزاں ہیں، بلوچستان بھی پاسکو کی گندم مہنگی قرار دے کر اٹھانے سے گریزاں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں