اتھلیٹکس کھیل

ملک میں گراس روٹ لیول پر زیادہ سے زیادہ مقابلوں کے انعقاد سے اتھلیٹکس کھیل کو فروغ حاصل ہوگا، شیروز خان

اسلام آباد (عکس آن لائن) قومی چیمپئن شیروز خان نے کہا ہے کہ ملک میں گراس روٹ لیول پر زیادہ سے زیادہ مقابلوں کے انعقاد سے اتھلیٹکس کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اتھلیٹکس کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کےلئے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے اور ان مقابلوں سے ابھرتے ہوئے نئے چہرے سامنے آئیں گے جن کو تربیتی کیمپ میں مزید تربیت دےکر انٹرنیشنل مقابلوں کےلئے تیار کیا جاسکتا ہے۔ انٹرنیشنل کھلاڑی شیروز خان نے کہا کہ پاکستانی اتھلیٹ کسی سے کم نہیں بلکہ ہمارے کھلاڑی اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت انٹرنیشنل سطح پر بے پناہ میڈلز حاصل کر چکے ہیں اور اسی طرح جیولین تھرو کے اتھلیٹ ارشد ندیم کا اولمپک گیمز کےلئے کوالیفائی کرنا کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں بلکہ اس کا کریڈٹ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی کو بھی جاتا ہے کہ جن کی کاوشوں سے ارشد ندیم کو تمام سہولیات میسر ہوئیں اور اس کے علاوہ اس کے کوچ سید فیاض حسین بخاری بھی جو کہ دن رات ارشد ندیم کو بھرپور محنت کروا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ارشد ندیم اولمپک گیمز میں میڈلز حاصل کرکے ٹوکیو جاپان کی سرزمین پر ملک و قوم کا سر فخر سے سر بلند کرتے ہوئے پاکستانی پرچم لہرائے گا۔ نیشنل چیمپئن شپ میں تین گو لڈ میڈلز جیتنے اور پاکستان کا نیا ریکارڈ قائم کرنے والے شیروز خان نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اتھلیٹکس کے کھیل کی ترقی کےلئے زیادہ سے زیادہ معاونت کرے کیونکہ اس میں انٹرنیشنل سطح پر سب سے زیادہ میڈلز حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں اتھلیٹکس کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے گراس روٹ سطح پر زیادہ سے زیادہ مقابلوں کے انعقاد سے اتھلیٹکس کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کےلئے ضروری اقدامات کرے کیونکہ اس سے بھی نیا ٹیلنٹ سامنے آسکتا ہے۔

کورونا وائرس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباءپوری دنیا میں پھیل چکی ہے اور اس سے بچنے کے لئے کھلاڑیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے جن میں گھر سے باہر نہ نکلیں اور گھروں میں رہ کر اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں اور کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سطح پر نام پیدا کرنے کےلئے سارا سال اپنی بھر پور ٹریننگ پر توجہ دینی چاہئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں