کورونا وائرس

ملک میں کورونا وائرس کے وار جاری ، مزید 3 افرادزندگی کی بازی ہار گئے ، ہلاکتیں 346 اور مجموعی کیسز 15759 ہوگئے

اسلام آباد (عکس آن لائن)ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 346 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 15759 تک جا پہنچی ہے جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 22نئی ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق عالمگیر مہلک وبا کورونا وائر س کے دنیا کے ساتھ ساتھ پاکستان میں وار جاری ہیں اورملک میں کورونا وائرس سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 346 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 15759 تک جا پہنچی ہے جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 22نئی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 122 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ پنجاب میں 103 اور سندھ میں 100 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

کوروناوائرس کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرنے کے لئے قائم قومی ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق بروز جمعرات ملک بھر سے کورونا کے مزید 255 کیسز سامنے آئے ہیں اور 3 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جن میں پنجاب سے 234 کیسز تین ہلاکتیں، اسلام آباد 16 کیسز، بلوچستان 4 کیسز اور آزاد کشمیر سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔پنجاب سے اب تک کورونا کے مزید 234 کیسز سامنے آئے ہیں اور 3 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کی۔پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی تعداد 6061 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 103 تک جا پہنچی ہیں۔پی ڈ ایم اے کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے 1780 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 16 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 313 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بلوچستان میں آج بروز جمعرات اب تک کورونا کے مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔محکمہ صحت کےمطابق صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 978 ہے جب کہ 14 افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں اب تک کورونا وائرس سے 180 افراد صحت یاب بھی ہوگئے ہیں۔آزاد کشمیر سے کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آیا ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیا گیا ہے۔پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 66 ہوگئی ہے۔صوبے میں بدھ کو کورونا کے مزید 404 کیسز رپورٹ ہوئے اور 8 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 5695 ہوگئی ہے جب کہ اب تک کل 100 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

مرتضی ٰوہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 208 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1169 ہوگئی ہے۔خیبر پختونخوا میں بدھ کو کورونا وائرس کے 153 نئے کیسز اور 8 اموات بھی سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں کورونا مریضوں میں مجوعی تعداد 2313 اور ہلاکتیں 122 ہوگئیں۔خیبرپختونخوا میں اب تک 614 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔گلگت بلتستان میں بدھ کو مزید 3 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 333 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق مزید 4 افراد کے صحت یاب ہونے کے بعد اب تک 228 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں