جاوید قصوری

ملک میں حکومت کمزور اور کرپٹ مافیا انتہائی طاقت ور ہے ‘ جاوید قصوری

لاہور(عکس آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت کمزور اور کرپٹ مافیا انتہائی طاقت ور ہے۔ ایک بحران ختم نہیں ہوتا تو دوسرا جنم لے لیتا ہے۔ شوگر مافیا نے کارٹل بنا کر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔ سوا سال میں چینی کی قیمت 26روپے فی کلو مہنگی ہوئی ہے۔

جس سے شوگر ملوں نے 140ارب روپے بٹورے۔ معاشرے میں غریب عوام کا استحصال بڑھتا چلا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہوتی ہے۔ مگر بد قسمتی سے نا اہل حکمران ہر محاذ پر ناکام ہوچکے ہیں۔ کوئی ایک ادارہ بھی ایسا نہیں ، جس کی کارکردگی تسلی بخش ہو۔ ملک مسائل کی دلدل میں مسلسل دھنستا چلا جارہا ہے۔ اس وقت تک ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا ، جب تک قانون کی بالادستی نہیں ہوجاتی ۔ انہوں نے تحریک لبیک پر پابندی لگانے کے حکومتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت پر پابندی لگانا درست اقدام نہیں۔

تحریک لبیک نے قومی انتخابات میں حصہ لے کر ووٹ حاصل کئے ہیں۔ حکومت کو مینڈیٹ کا احترام اور تحریک لبیک کے ساتھ مذاکرات کی راہ اختیار کرنی چاہیے ۔ حکومت اپنے لیے خود مسائل کھڑے کررہی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک بد امنی ، انتشار اور افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اپنے معاہدوں کی پاسداری کرے۔ تحریک لبیک کے سربراہ صاحبزادہ سعد رضوی کو فوری طور ر رہا کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں