تیل اور گیس

ملک میں تیل اور گیس کی یومیہ پیداوار میں اضافہ

اسلام آباد (عکس آن لائن) ملک میں تیل اور گیس کی پیداوارمیں ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان پٹرولیم انفارمیشن سروس کے اعدادوشمارکے مطابق 31 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار69098 بیرل ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 3.7فیصد زیادہ ہے، پیوستہ ہفتے میں ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار66662 بیرل ریکارڈ کی گئی تھی۔

اسی طرح 31 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 3319 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی جو23 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے کے مقابلے میں 5.8 فیصد زیادہ ہے، پیوستہ ہفتے میں ملک میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار3139 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی تھی۔اعدادوشمار سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران پی او ایل کی تیل کی اوسط یومیہ پیداوار4887 بیرل،پی پی ایل 12154 بیرل، او جی ڈی سی ایل32494 بیرل اور ماڑی گیس کی یومیہ اوسط پیداوار1061 بیرل ریکارڈ کی گئی جب کہ پی او ایل کی گیس کی اوسط یومیہ پیداوار64 ایم ایم سی ایف ڈی، پی پی ایل 647، او جی ڈی سی ایل 701 اور ماڑی کی گیس کی اوسط یومیہ پیدوار944 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی۔

ادھر پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں گیس سپلائی کرنے والی کمپنی سوئی ناردرن نے گیس صارفین کیلئے قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا، سوئی ناردرن گیس کا نیا ٹیرف یکم جنوری 2023ءسے نافذ کر دیا گیا ہے، مختلف سلیبز پرٹیرف مرحلہ وار 8 سے 112 فیصد تک بڑھایا گیا ہے، گیس نرخوں میں بقایاجات وصولی کا اطلاق بھی رواں ماہ سے شروع ہوگیا ہے، بقایا جات کی رقم کے ساتھ بل گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کوبھجوائے جارہے ہیں، جس صارف کا بل 871 روپے تھا اب بقایا جات کے ساتھ 2 ہزار900 روپے ہوگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں