گورنر سندھ

ملکی صنعتی ترقی میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کا کلیدی کردار ہے، گورنر سندھ

کراچی (عکس آن لائن) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ملکی صنعتی ترقی میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کا کلیدی کردار ہے،کہ حکومت تجارتی و صنعتی برادری کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے، اس ضمن میں کاروباری برادری کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے وفد کی گورنر ہاوس میں ملاقات ہوئی جس میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش مسائل اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے گورنر کو ٹیکسٹائل سیکٹر کو در پیش مسائل بالخصوص صنعت کو قدرتی گیس کی فراہمی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت تجارتی و صنعتی برادری کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے، اس ضمن میں کاروباری برادری کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔

انہوں نے وفد سے کہا کہ وہ مسائل کے حل کے لیے عملی سفارشات مرتب کر کے جمع کروائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کو قریبی تعاون سے کام کرنا ہو گا، ملکی صنعتی ترقی اور زرمبادلہ کمانے میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کا کلیدی کردار ہے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ تمام شعبوں بالخصوص ٹیکسٹائل میں ویلیو ایڈیشن بین الاقوامی مارکیٹ پر اثر و رسوخ جمانے کے لیے ناگزیر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں