شہبازشریف

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر دنیا میں امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی’ شہباز شریف

لاہور( عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر دنیا میں امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی،5 فروری کشمیریوں کی آزادی تک ان کی حمایت جاری رکھنے کے ہمارے پختہ عزم کی تجدید اور دنیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ استصواب رائے کا وعدہ یاد دلانے کا دن ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ پورا پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی اور کشمیریوں کے حقوق کے لئے متحد، یک جان اور ایک آواز ہے ،دنیا مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ استصواب رائے کا وعدہ پورا کرے،مقبوضہ جموں وکشمیر عالمی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت ایک مسلمہ تنازعہ ہے ،تنازعہ جموںوکشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیااور دنیا میں پائیدار امن کی ضمانت نہیں دی جاسکتی ۔

ا نہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لئے تنازعہ جموں وکشمیر کا منصفانہ حل لازم ہے ،سلامتی کونسل فلسطین اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے بے گناہ لوگوں کو ظالمانہ غاصبانہ قبضوں سے نجات دلائے ،سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر یہ دونوں تنازعات دہائیوں سے زیرالتوا ء ہیں ،قابض افواج ان دونوں خطوں میں نسل کشی کے یکساں ایجنڈے پر کاربند ہیں ،

فلسطین اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کی پامالی اداروں اور عالمی برادری کے ماتھے کا داغ بن چکا ہے۔ انہوںنے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام، بچوں اور خواتین کا بہتا لہو ادنیا کو کسی بڑے حادثے سے دوچار کردے گا۔شہبازشریف نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو تحریک آزادی کے لئے ثابت قدمی اور قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں