مریم نواز

مریم نواز کا لاہور میں پنجاب کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان

لاہور (عکس آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کے علاقے ویلنشیا ٹائون کے قریب پنجاب کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان کر دیا۔وزیراعلی مریم نواز نے ویلنشیا ٹائون کے قریب کینسر ہسپتال کی مجوزہ سائٹ کا دورہ کیا جہاں انہیں کینسر ہسپتال کی سائٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

مریم نواز نے کینسر ہسپتال کے لئے دنیا بھر سے بہتر ین سپشلائزڈ ڈاکٹرز بلانے اور مریضوں کے تیماروں کے لئے ہوٹل بنانے کی ہدایت کی۔دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کینسر کے مریضوں کے علاج کے لئے سرکاری ہسپتال بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے پہلے سرکاری ہسپتال میں کینسر کے مریضوں کا مفت علاج ہو گا، کینسر ہسپتال میں مریضوں کے علاج کے لئے بہترین ڈاکٹر اور جدید ترین مشینری لائیں گے۔اس موقع پر سابق سینیٹر پرویز رشید، اراکین اسمبلی خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، ثانیہ عاشق اور ڈاکٹر عدنان بھی مریم نواز کے ہمراہ تھے۔

چیف سیکرٹری پنجاب، ایس ایم بی آر، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، سیکرٹری کو آپریٹو، کمشنر لاہور، ڈی سی لاہور اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ہمراہ موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں