مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو ”نیم حکیم خطرہ جان” قرار دے دیا

اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو ”نیم حکیم خطرہ جان” قرار دے دیا ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ عمران صاحب نے جس بھی شعبے کا خود کو ”عظیم ماہر”دکھایا ، اس کا بیڑہ غرق ہوگیا ،عمران صاحب نے ماہر ماحولیات بننے کی کوشش کی، لیکن عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں انہیں مدعو کرنا بھی گوارا نہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ ماہر ماحولیات عمران صاحب کا بلین ٹری کرپشن سونامی الگ لیکن جو درخت لگائے وہ بھی غائب ہیں؟۔

انہوںنے کہاکہ عمران صاحب نے ماہر معاشیات بننے کی کوشش کی اور معیشت کا جنازہ نکال دیا ۔ انہوںنے کہاکہ ماہر معاشیات عمران صاحب نے 5.8 فیصد پر ترقی کرتی معیشت کو منفی 0.4 پر دفن کردیا ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب کی ”مہارت” نے کارخانوں کو تالا لگادیا، 70 فیصدآبادی خط غربت سے نیچے چلی گئی ۔ انہوںنے کہاکہ ماہر معاشیات عمران صاحب نے سٹیٹ بینک آئی ایم ایف میں گروی رکھ دیا اور قوم کو معاشی غلامی میں جکڑ دیا ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب کی ”مہارت” نے ڈالر 160 روپے پر پہنچادیا، قوم کو بے روزگاری کی دلدل میں پھینک دیا ۔ انہوںنے کہاکہ ”ماہر فلاحی مملکت” عمران صاحب نے قوم کو لنگر خانے پر بٹھا کرغریبوں کی بھوک اور افلاس کا مذاق بنایا ۔ انہوںنے کہاکہ”ماہر فلاحی مملکت” عمران صاحب نے کینسر کے غریب مریضوں سے مفت دوائی، عوام سے مفت علاج چھین لیا ۔ انہوںنے کہاکہ ”ماہر فلاحی مملکت” عمران صاحب کو پتہ ہونا چاہئے کہ ملک کی ترقی لنگر خانے سے نہیں، کارخانے لگانے سے ہوتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ”ماہر فلاحی مملکت” عمران صاحب نے غربت کے خاتمے کا یہ نادرعلاج ڈھونڈا کہ بائیس کروڑ عوام کے لئے کھانا بانٹنے والے دوٹرک مختص کردئیے ۔

انہوںنے کہاکہ جنگلہ بس کے مخالف ”ماہرپبلک ٹرانسپورٹ” عمران صاحب نے 126 ارب میں بی آرٹی پشاوردھکا بس سروس کا انقلابی منصوبہ دیا۔ انہوںنے کہاکہ ”ماہراحتساب” عمران صاحب نے خیبرپختونخوا میں آٹھ سال سے احتساب کمشن کو تالا لگایا ہوا ہے، عدالتوں سے مفرورہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ”ماہراحتساب” عمران صاحب نے ‘نیب نیازی گٹھ جوڑ’ کا سیاسی انتقام کا میگاپراجیکٹ شروع کیا اور ایک بھی ثبوت عدالت میں پیش کرنے میں ناکام رہے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب ”ہنڈی” کے ذریعے پیسے بھجوانے کے ماہر بنے اور اپنے خفیہ 23 فارن فنڈنگ اکاونٹس کا اب تک جواب نہیں دیا۔ انہوںنے کہاکہ ”ہنڈی کے ماہر” عمران صاحب نے اربوں کھربوں روپے غیرقانونی فارن فنڈنگ سے منگوائے اور اب ریکارڈ چھپانے کے لئے ہر روز الیکشن کمشن کو دھمکیاں دیتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ عمران صاحب ”فارن پالیسی” کے ”ماہر” بنے اور پاکستان کی شہہ رگ کشمیر کا سودا کرنے کی تاریخی غداری کی۔ انہوںنے کہاکہ ”ماہر امور خارجہ پالیسی” عمران صاحب نے ایسا جادو چلایا کہ پاکستان کے بااعتماد دوستوں کو بدظن کردیا ۔

انہوںنے کہاکہ عمران صاحب ”جغرافیہ” کے ماہر بنے اور عالمی نقشے میں انقلابی تبدیلی کرتے ہوئے جرمنی اور جاپان کی سرحدیں ملا دیں ۔ انہوںنے کہاکہ کورونا کا ماہر بننے کی کوشش کی اور کورنٹین کے دوران اجلاس منعقد کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب ”تاریخ” کے اتنے بڑے ”ماہر ”ثابت ہوئے جنہیں تاریخ میں حضرت عیسیٰ کا ”بڑا تھوڑا”ذکر ملا،ایسے” جعلی ماہرین ”کو بزرگ ”نیم حکیم خطرہ جان”قرار دیتے ہیں جو صرف تباہی لاتے اور فراڈ کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں