فردوس شمیم نقوی

مراد علی شاہ کو اب کورونا وائرس کے کیس نظر نہیں آ رہے، فردوس شمیم نقوی

کراچی(عکس آن لائن)پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر رہنمااور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہاہے کہ وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ اور ان کے حواریوں کو اب کورونا وائرس کے کیس نظر نہیں آ رہے۔

انصاف ہائوس کراچی میں پی ٹی آئی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ نالائقِ اعلی وزیرِ اعظم سے ہاتھ جوڑ کر مکمل لاک ڈائون کا کہہ رہے تھے، ناصر شاہ بڑے بڑے بول بولتے تھے، انہیں اب سانپ سونگھ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کی آبادی 1 کروڑ 68 لاکھ ہے، لالہ موسی خیل کی آبادی 27 لاکھ ہے، جہاں سے بلاول بھٹو زرداری اور قمر زمان کائرہ جلسے میں آئے، جبکہ مریم نواز اور مولانا لاہور سے آئے۔فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ پاکستان ڈکیت موومنٹ کا ایک ڈاکو اور ایک لٹیرا دونوں اسپتال میں ہیں، ایک لندن میں دوسرا کراچی میں زیرِ علاج ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا بھول گئے کہ جب انہیں امریکا سے پیسے مل رہے تھے، تب مولانا امریکا کی تعریف کرتے تھے، کل مولانا امریکا کو للکار رہے تھے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نواز شریف نے تو کبھی کشمیر کا ذکر ہی نہیں کیا، مولانا کا دہرا معیار عوام کے سامنے ہے، جو منتخب نہیں ہوا اس نے طوفانِ بدتمیزی کھڑا کیا ہوا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اجازت دیتے ہیں تو ہم بھی جلسے کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں