گندم کی کاشت

محکمہ زراعت کا گندم کی کاشت کے لیے فارمرز ڈیز کے انعقاد کااعلان

مکوآنہ (عکس آن لائن) محکمہ زراعت نے زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کی کاشت کے لیے فارمرز ڈیز کے انعقاد کااعلان کیاہے جس میں کاشتکاروں کوجدید ٹیکنالوجی سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع)چوہدری خالد محمود نے بتایاکہ حکومت پنجاب نے محکمہ زراعت کو گندم کی بمپر کراپ کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ زراعت کے افسران و اہلکار کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر نے کی ترغیب دیں تاکہ گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول سمیت آئندہ سال کیلئے مقرر کردہ گندم کے پیداواری اہداف کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت محکمہ زراعت کو تمام وسائل فراہم کر رہی ہے لہذا وہ بھی کاشتکاروں کو تمام سہولیات کی بہم رسانی یقینی بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو گندم کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانے کی غرض سے گائوں اور تحصیل مراکز کی سطح پر فارمرز ڈیز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی جگہ پر مطلوبہ کھادوں کی دستیابی میں کمی کی کوئی شکایت ہو تو فوری طور پر متعلقہ ضلع کے ڈی او زراعت اور ڈی سیز سے رابطہ کریں۔

انہوں نے گندم کے کاشتکاروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ محکمہ زراعت کے مشوروں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں تاکہ پاکستان کو غذائی خود کفالت سے ہمکنار کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی گندم برآمد کر کے قیمتی زر مبادلہ کمایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں