گھیاکدو

محکمہ زراعت قصور کی کاشتکاروں کو گھیاکدو کے پودوں کی بروقت چھدرائی کی ہدایت

قصور ():محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو گھیاکدو کے پودوں کی بروقت چھدرائی کی ہدایت کی ہے جبکہ تین سے چار پتے نکالنے پر ایک جگہ پر اگے ہوئے ایک سے زائد پودے بھی نکالنے کا مشورہ دیاہے۔ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت (توسیع)قصورمحمداکرم طاہرنے کاشتکاروں کے نام پیغام میں کہا کہ جب گھیاکدوکے پودے تین سے چار پتے نکال لیں تو ان پودوں کا درمیانی فاصلہ مناسب برقراررکھنے کے لئے ایک جگہ پر ایک سے زیادہ اگے ہوئے پودوں کو نکال دیاجائے اور چھدرائی میں تاخیرنہ کی جائے کیونکہ تاخیر سے اکھاڑنے پر بچ جانے والے پودے بھی بری طرح متاثر ہوتے ہیں جس سے ان کی بڑھوتریافزائش نسل و پیداوارپر منفی اثر پڑتاہے۔

انہوں نے کہا کہ گھیاکدوکی آبپاشی کا بھی خاص خیال رکھنا چاہئیے اورپہلا پانی کاشت کے فورا بعد جبکہ اسکے بعد ایک ہفتہ کے وقفہ سے پانی لگاتے رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کسی جگہ پر بارش ہوجائے تو اس صورت میں گھیا کدو کے کھیتوں کو پانی لگانے کا دورانیہ بڑھا یاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے بھی تین سے چارمرتبہ گوڈی کریں اور ہردوسری چنائی کے بعد گوڈی کرنے سے کھیت نہ صرف جڑی بوٹیوں سے پاک رہے گا بلکہ پیداوارمیں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے گوڈی کرنے کے بعد پودوں کے گردمٹی چڑھانے کی بھی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں