شیخ رشید احمد

محدود وسائل میں امن و امان کے قیام کیلئے ایف سی کی قربانیاں اور خدمات قابل ستائش ہیں،شیخ رشید احمد

پشاور(عکس آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ محدود وسائل میں امن و امان کے قیام کیلئے ایف سی کی قربانیاں اور خدمات قابل ستائش ہیں،ایف سی شہداء پیکج میں بھی اضافہ کیا جائیگا،درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،اپنے لہو سے امن کے دئیے جلانے والے شہداء کی یاد قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔

وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید احمد فرنٹیئر کانسٹبلری ہیڈ کوارٹر پہنچے تو ایف سی کے جوانوں کے چاق و چوبند دستے نے وفاقی وزیر برائے داخلہ کو سلامی پیش کی۔وفاقی وزیر برائے داخلہ نے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہداء پر پھول رکھے اور شہداء کی بلند درجات کیلئے دعا کی۔فرنٹیئر کانسٹبلری کے حوالے سے کمانڈنٹ معظم جا انصاری نے بریفننگ دی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ ایف سی کی قربانیوں کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ محدود وسائل میں امن و امان کے قیام کیلئے ایف سی کی قربانیاں اور خدمات قابل ستائش ہیں،ایف سی شہداء پیکج میں بھی اضافہ کیا جائیگا،درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ اپنے لہو سے امن کے دئیے جلانے والے شہداء کی یاد قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ میں فرنٹیئر کانسٹبلری کے مسائل حل کریں گے،ایف سی کے نڈر جوانوں نے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ کمانڈ ایف سی معظم جا انصاری نے کہاکہ وزیر داخلہ کی آمد سے ایف سی جوانوں کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سندھ میں جیلوں اور فارن دفاتر کی سیکورٹی کی خدمات بھی ایف سی انجام دے رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ دو سالوں میں ایف سی کے 11 جوانوں نے جان کے نذرانے پیش کئے جبکہ 27 دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا۔ انہوںنے کہ اکہ سیکشن تھری کے تحت ایف سی بارڈر اور ملحقہ علاقوں کی سیکورٹی سمیت اقتصادی راہداری، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، واپڈا، سوئی گیس، این ایچ اے سمیت اقوام متحدہ میں ایف سی کی مستقل نمائندگی موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں