شہتوت کا پودا

ماہرین زراعت کی کاشتکاروں کو شہتوت کی زیادہ سے زیادہ کاشت کی ہدایت

فیصل آباد(عکس آن لائن) زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ رواں موسم بہار میں شہتوت کا پودا کاشت کرنے والے کاشتکار آئندہ 15برسوں میں ایک پودے سے 10مکسر فٹ لکڑی حاصل کر سکتے ہیں جس سے نہ صرف ملک میں لکڑی کی قیمتوں میں استحکام آئے گا بلکہ کاشتکاروں کو بھی 10سے 15 سال میں اچھی اور معقول رقم حاصل ہو سکے گی جبکہ شہتوت کی شجر کاری میں اضافے سے معاشی انقلاب بھی ممکن ہے۔

جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے ایک ملاقات کے دوران بتایاکہ 10مکسر فٹ میں 5من لکڑی ہوتی ہے جو گیلی حالت میں بھی فروخت کے قابل ہوتی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ یہ لکڑی خاص طور پر کھیلوں کے سامان میں استعمال ہوتی ہے نیز کرکٹ بیٹ، ہاکی اور ٹینس ریکٹ اسی لکڑی سے تیار ہوتے ہیں جبکہ اس کے علاوہ شہتوت کی لکڑی کو کشتی سازی اورفرنیچر میں بھی قابل بھروسہ قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار اس سلسلہ میں مزید معلومات ،مشاورت ، رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا فری ہیلپ لائن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں