مالٹے

مالٹے‘کنو‘ گریپ فروٹ کی برداشت جاری رکھنے کی ہدایت

قصور (عکس آن لائن) محکمہ زراعت نے رواں ماہ کے دوران ترشادہ پھلوں کے باغبانوں کو مالٹے‘کنو‘ گریپ فروٹ‘مسمی کی برداشت جاری اوربیمارخشک وغیرضروری شاخوں کی کانٹ چھانٹ کی بھی ہدایت کی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت(توسیع)قصورمحمدنویدامجد نے’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ غیرضروری شاخوں کو کاٹ کر تلف کردیاجائے نیز زیادہ کوہروالی راتوں میں باغات کو پانی لگانے سمیت دھواں بھی دیاجائے۔ انہوں نے بتایا کہ اگردسمبرمیں دیسی کھادبمعہ فاسفورس‘ پوٹاش‘زنک وغیرہ نہ ڈالی گئی ہو تو یہ کام رواں ماہ میں مکمل کرلیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کھاد وغیرہ کو پودوں کے گردتنوں سے دوراچھی طرح بکھیرتے ہوئے بذریعہ گوڈی زمین میں مکس کرکے بھرپور پانی لگا دیناچاہئیے تاہم کھادڈالنے کے بعد پانی کا وقفہ ایک ماہ تک بڑھایاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے باغات لگانے کیلئے رواں ماہ کے دورا ن زمین کی تیاری کی جاتی ہے اورپودے لگانے کیلئے مناسب جگہوں کی نشاندہی کرکے تین مربع فٹ سائز کے گڑھے کھودلئے جائیں اور انہیں 15دن کیلئے کھلاچھوڑ دیاجائے ۔

انہوں نے بتایا کہ جنوری کے دوران گدھیڑی کے انڈوں کو دبانے کے علاوہ اس کے بچوں پر کیڑے مار سپرے بھی کردیاجائے اور پیشگی اقدامات کے تحت تسلی بخش پودے خریدنے کیلئے اچھی نرسری کا انتخاب بھی کرلیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ مزید رہنمائی یامشاورت کیلئے زرعی ماہرین یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں