لائف ہسپتال

لاہور پریس کلب اور لائف ہسپتال کے درمیان مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کا معاہدہ طے پاگیا

لاہور(عکس آن لائن)لاہور پریس کلب اور لائف ہسپتال کے درمیان ممبران اور ان کے اہلخانہ کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد کی گئی۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور لائف ہسپتال کے بانی کامران مسعودمگوں نے معاہدے پر دستخط کئے۔ صدر ارشد انصاری نے اس موقع پر کہاکہ لائف ہسپتال جدید سہولیات سے آراستہ ایک مکمل فیملی ہسپتال ہے جہاں ممبران اور ان کے اہلخانہ اور پریس کلب کے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کو فری طبی سہولیات مہیاکی جائیں گی جس کے لئے ہم ہسپتال انتظامیہ کے مشکورہیں،

انھوںنے بتایاکہ میں نے ذاتی حیثیت میں ہسپتال کا دورہ کیااور یہاں موجود جدید طبی سہولیات دیکھ کر دلی خوشی ہوئی ، ہسپتال کی انتظامیہ جس محنت اور لگن کے ساتھ بلاامتیازمریضوں کی دیکھ بھال اور علاج کررہی ہے وہ قابل تعریف ہے ،ہسپتال کے اس نیک مقصد میں کلب ان کے شانہ بشانہ کھڑاہے اور ہسپتال میں موجود سہولیات کی آگاہی کے لئے اپنا بھرپور کردا راداکرے گا۔

لائف ہسپتال کے بانی کامران مسعود مگوں اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرایوب زاہد کا کہناتھاکہ آج کا دن ان کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے اور وہ صحافیوں کو جو معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں طبی سہولیات فراہم کرنے کا معاہدے کرنے پر دلی خوشی محسوس کر رہے ہیں، آٹھ سال قبل شروع کئے گئے اس منصوبے پر ہم نے نیک نیتی سے عمل کیا اور آج ہمارا یہ پروجیکٹ ایک میگاپروجیکٹ بن چکاہے اور ہم بلاامتیازوبلاتخصیص تمام مریضوں کا علاج جدید اندازمیں کر رہے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ لاہور پریس کلب ہمارے اس کارخیر میں ہماری بھرپور مدد کرے گا۔

لاہور پریس کلب کی جانب سے لائف ہسپتال کے بانی کامران مسعود مگوں، ایم ایس ڈاکٹرایوب زاہد، فنانس سیکرٹری حنان مسعود مگوں اور مارکیٹنگ منیجر ذیشان صدیق کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں جبکہ صدرارشد انصاری نے لاہور پریس کلب اور لائف ہسپتال کے مابین معاہدے کے لئے خصوصی کاوش کرنے پر ممبر گورننگ باڈی عمران شیخ کو خراج تحسین پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں