لاہور قلندرز

لاہور قلندرز کا ڈبل وکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کرانے کا اعلان

لاہور (عکس آن لائن)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی متحرک اور مقبول ترین فرنچائز لاہور قلندرز نے ڈبل وکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے ورچوئل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام قلندر کے سکندر کے چھٹے ہفتے کے ٹرائیلز کے موقع پر لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے ڈبل وکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کرانے کا اعلان کیا ہے۔

ڈائریکٹر لاہور قلندرز عاقب جاوید نے بتایا کہ ڈبل وکٹ ٹورنامنٹ کورونا وائرس کے کنٹرول ہونے پر کرایا جائے گا، کوشش ہے کہ جولائی میں یہ ایونٹ کرایا جائے، ڈبل وکٹ ٹورنامنٹ میں قلندر کے سکندر پروگرام کے 16 کھلاڑی شامل ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ لاہور قلندر کے کرکٹرز بھی ڈبل وکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے، ان میں کپتان سہیل اختر، فخرزمان، سلمان بٹ، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، عثمان شنواری، محمد حفیظ سمیت ایمرجنگ پلئیرز بھی شامل ہوں گے۔ عاقب جاوید نے کہا کہ ڈارفٹ کے ذریعے ٹورنامنٹ کے لیے کھلاڑیوں کی جوڑیاں بنائی جائیں گی ، کوشش ہو گی کہ کورونا وائرس پر قابو پاتے ہی ٹورنامنٹ کرایا جائے۔

لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے کہا کہ لاہور قلندرز نے ہمیشہ نوجوانوں کو منفرد پلیٹ فارم مہیا کیا ہے، ڈبل وکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ سے قلندر کے سکندر کے کھلاڑیوں کو ایکسپوڑر ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ-19 کے باوجود ٹیلنٹ سامنے لانے کا سلسلہ جاری رکھا گیا ہے، قلندرز کے سکندرز کے نوجوانوں کو انٹر نیشنل کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں