طوفانی بارش

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں 29 اپریل تک طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

لاہور (عکس آن لائن ) پی ڈی ایم اے نے صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں 29 اپریل تک گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کردی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ بدھ کو پنجاب میں مغربی ہواں کا سلسلہ داخل ہو جائے گا، 26 سے 28 اپریل تک جنوبی پنجاب کے اضلاع میں طوفانی بارشیں ہوں گی۔ ترجمان کے مطابق لاہور سمیت مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہاالدین، گوجرانوالہ، گجرات میں بارشیں ہوں گی، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے ترجمان نے بتایا کہ جھنگ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، پاکپتن اور ساہیوال میں بھی بارشیں متوقع ہیں جبکہ بیشتر اضلاع میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو گی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ کسان گندم کی فصل کی کٹائی موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں، موسم کی نئی صورتحال سے صوبے کےتمام اضلاع کی انتظامیہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے لئے اگلے دس دن انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں