کارکنوں کے احتجاج

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی مذہبی جماعت کے کارکنوں کے احتجاج کی وجہ سے ٹریفک جام

لاہور(عکس آن لائن) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی مذہبی جماعت کے کارکنوں کے احتجاج کی وجہ سے ٹریفک جام، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا‘ محکمہ داخلہ پنجاب نے سڑکیں کھلوانے کیلئے رینجرز کو طلب کرلیا۔صوبائی دارالحکومت لاہور کے 16 مقامات ٹریفک کیلئے بند ہیں جن میں سکیم موڑ، یتیم خانہ چوک، بھٹہ چوک, داروغہ والا چوک، شاہکام چوک،جی پی او چوک، بیگم کوٹ، کوٹ عبدالمالک، امیر چوک کالج روڈ شامل ہیں، موہلنوال، کرول گھاٹی ، محمود بوٹی رنگ روڈ ، شاہدرہ چوک 25 نمبر سٹاپ ، خیابان چوک،ایل ڈی اے چوک بھی ٹریفک کیلئے بند ہیںلاہور کے مختلف مقامات بند ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور ہوگئے، ٹریفک وارڈنز ٹریفک رواں دواں رکھنے میں ناکام ہوگئے۔لاہور، راولپنڈی، گجرات اورملتان میں رینجرزکو طلب کرلیا گیا ہے، جبکہ محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ جس شہر میں بھی رینجرز کی ضرورت ہوگی وہاں فورس فراہم کی جائے گی، پورے صوبے میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، کچھ راستے رات گئے کھلنے کے بعد اب دوبارہ بند ہو گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق رینجرز کو سڑکیں کھلوانے کیلئے بلوا یا گیا ہے، رینجرز اہلکار پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی مدد کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں