قومی پولیو مہم

قومی پولیو مہم 17 سے 21 فروری تک جاری رہے گی

فیصل آباد(عکس آن لائن) قومی پولیو مہم 17 سے 21 فروری تک جاری رہے گی۔صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین،ڈویژنل کمشنر عشرت علی اور ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ہلال احمر میٹرنٹی ہسپتال میں فیتہ کاٹا اور بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔

اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرزسید ایوب بخاری،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بلال احمد، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مختار رندھاوا،سنوکر چیمپین محمد آصف،عالمی ادارہ صحت کے نمائندے اور محکمہ صحت کے دیگر افسران موجود تھے۔صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ انسداد پولیو مہم انتہائی ذمہ داری اور خصوصی توجہ کی متقاضی ہے لہذا محکمہ صحت کی ٹیمیں پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے تک پہنچیں جن کی کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ ہونی چاہیے تاکہ پولیو فری پاکستان کی منزل جلد حاصل کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اس اہم فریضہ میں کسی قسم کی غفلت یا تساہل کی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ خانہ بدوشوں اور دیگر صوبوں سے مزدوری‘ کاروبار کے لئے عارضی رہائش پذیر افراد سمیت والدین کے ساتھ سفر کرنے والے بچوں کو ذمہ داری سے انسداد پولیو قطرے پلائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود انسداد پولیو ٹیموں کی کارکردگی چیک کرنے کے لئے مختلف علاقوں میں جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد اگرچہ پولیو فری ہے تاہم اس وائرس کے خدشات کا یکسر خاتمہ کرنے کے لئے مہم کے دوران ضلع میں پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے تک رسائی حاصل کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو ٹیموں کے تحفظ کے لئے جامع سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی انسداد پولیو مہم کی نگرانی کے لئے سرگرم رہیں گے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بتایا کہ ضلع میں 13لاکھ 78ہزار بچوں کوقطرے پلانے کے لئے 3323ٹیمیں فعال رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم پر کامیاب عملدرآمد کیلئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں