وزیر داخلہ

فضل الرحمان پر حملے سے متعلق سکیورٹی تھریٹ موصول ہوا ہے، وزیر داخلہ کا انکشاف

اسلام آباد(عکس آن لائن)نگران وزیر داخلہ سینیٹر سرفراز بگٹی نے انکشاف کیا ہے کہ الیکشن مہم کے دوران سیاسی قیادت کو عمومی جبکہ مولانا فضل الرحمان کو خصوصی خطرے کی اطلاع ہے، جمعہ کوپریس کانفرنس کرتے ہوئےنگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ غیر قانونی مقیم افراد میں سے 4لاکھ 82ہزار سے زائد واپس چلے گئے، 90فیصد غیر قانونی مقیم غیر ملکی ازخود واپس چلے گئے ہیں، کسی کے ساتھ بداخلاقی اور بدتہذیبی نہیں کی گئی،

ایک سوال کے جواب میں سرفراز بگٹی کا کہنا تھا پاکستان میں سیاست کا حق پاکستانیوں کو ہے، رجسٹرڈ غیر ملکی پاکستان کی سیاست میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتے، غیر ملکیوں کے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی ہے،نگراں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سیاسی سرگرمی میں ملوث غیرملکیوں کو ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے، 10کے قریب افراد کی شناخت کی گئی ہے جو سیاسی سرگرمی میں ملوث تھے، غیر ملکی کسی بھی دستاویز پر آیا ہو سیاسی سرگرمی پر بغیر وقت لگائے ڈی پورٹ کیا جائے گا،

الیکشن مہم کے دوران سیاستدانوں کو سکیورٹی خطرات نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران ملک میں سیاسی رہنماﺅں پر حملوں کی ایک تاریخ ہے، ماضی میں شوکت عزیز، بینظیر بھٹو اور ثنا اللہ زہری پر الیکشن مہم کے دوران حملے ہو چکے ہیں،نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران سیاسی قیادت کو عمومی خطرہ ہے لیکن حکومت کو مولانا فضل الرحمان سے متعلق ایک خصوصی سکیورٹی تھریٹ موصول ہوا ہے، سکیورٹی سے متعلق الیکشن کمیشن کی تمام ضروریات پوری کریں گے،

الیکشن کمیشن کو جتنی پیرا ملٹری فورس درکار ہو گی فراہم کریں گے،سرفراز بگٹی کا کہنا تھا ہم جعلی پاسپورٹس کے حامل مزید کیسز نکال رہے ہیں، جعلی شناختی کارڈ و پاسپورٹ بنانے والوں کا احتساب ہوگا، اس معاملے پر افغانستان سے بھی بات چیت جاری ہے، افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی معاملے پر انکوائری جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں