سوتی ملبوسات

فروری کے دوران سوتی ملبوسات کی برآمدات میں 12 فیصد کا اضافہ ریکارڈ

مکوآنہ (عکس آن لائن)سوتی ملبوسات کی برآمدات میں فروری کے دوران سالانہ بنیادوں پر 12 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق فروری 2024 میں سوتی ملبوسات کی برآمدات سے ملک کو 174 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سوتی ملبوسات کی برآمدات کا حجم 155 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

جنوری کے مقابلے میں فروری میں سوتی ملبوسات کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 9 فیصد کی نمو ہوئی۔ جنوری میں سوتی ملبوسات کی برآمدات کا حجم 160 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو فروری میں بڑھ کر 174 ملین ڈالر ہوگیا۔جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سوتی ملبوسات کی مجموعی برآمدات کا حجم 1.260 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 9 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سوتی ملبوسات کی برآمدات سے ملک کو 1.380 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔ واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی مجموعی برآمدات کا حجم 11.14 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 11.21 ارب ڈالر تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں