جوفرا آرچر

فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر دوبارہ انگلینڈ ٹیم میں شمولیت کے لئے کلیئرقرار

لندن (عکس آن لائن) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر کو مانچسٹر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ سے قبل ٹیم میں شامل ہونے کے لئے کلیئر کر دیا گیا ہے جس کے بعد وہ کالی آندھی کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لئے اپنی ٹیم کو دستیاب ہونگے۔

ہوور میں گھر جانے کے لئے، دوسرے ٹیسٹ کے لئے ساؤتھمپٹن سے مانچسٹر جانے کے راستے میں غیر مجاز راستہ اختیار کرکے آرچر کو بائیو محفوظ پروٹوکول کی خلاف ورزی کرنے پر ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لئے جرمانہ عائد کیا گیا تھا اور میچ کھیلنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

مانچسٹر میں دوسرے ٹیسٹ کے دوران جوفرا آرچر نے پانچ دن اپنا وقت ہوٹل کے کمرے میں تنہائی میں گزارا اور اس دوران انکے دو کورونا وائرس ٹیسٹ لئے گئے جن کی رپورٹس منفی آئیں جس کے بعد جوفرا آچر کو مانچسٹر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لئے انگلینڈ ٹیم میں شمولیت کے لئے کلیئر کر دیا گیا ہے۔

فاسٹ باؤلرز جیمز اینڈرسن اور جوفرا آرچر ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لئے انگلینڈ سکواڈ کا حصہ نہیں تھے تاہم اب دونوں کھلاڑی تین میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے لئے انگلش سکواڈ کو دستیاب ہونگے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں کالی آندھی کو 113 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی۔ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 24 جولائی سے مانچسٹر میں شروع ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں