اسد عمر

عوام تاریخی مہنگائی کے ناقابلِ برداشت بوجھ تلے دبے جارہے ہیں، اسد عمر

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ معاشی افراتفری کے نتیجے میں عوام تاریخی مہنگائی کے ناقابلِ برداشت بوجھ تلے دبے جارہے ہیں،ربطِ جسم و جاں برقرار رکھنا زندگی کا مشکل ترین مرحلہ بن کر رہ گیا،عمران خان نے مہنگائی کیخلاف ملک بھر میں بھرپور احتجاج کی ہدایت کی ہے ، ضلعی صدور اپنی تنظیمی سطح پر احتجاج کی بلاتاخیر منصوبہ بندی کریں۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں کربناک مہنگائی کیخلاف شدید احتجاج کا معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے بھرپور تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی صدور و تنظیمات کو بھرپور احتجاج کی فوری منصوبہ بندی کا ہدف سونپ دیا گیا۔ مرکزی سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر کی جانب سے ضلعی صدور کو خصوصی مراسلہ جاری کردیا گیا، ریجنل اور صوبائی صدور کو بھی مراسلے کی نقل بھجوا دی گئی۔

تمام ضلعی صدور سے بجلی، تیل، ڈیزل کی قیمتوں کیخلاف بھرپور احتجاج کی منصوبہ بندی پر مشتمل منصوبہ ہائے عمل طلب کر لئے۔ اس کے علاوہ ضلعی صدور، تنظیمات 12 ستمبر تک اپنے منصوبہ عمل ریجنل، صوبائی تنظیموں کو بھجوائیں گے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ بیرونی سازش کے ذریعے تحریک عدمِ اعتماد کے نتیجے میں مسلط امپورٹڈ حکومت نے ملک کو سیاسی انتشار میں دھکیلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ سرکار کی نااہلی، نالائقی، بےحسی اور نکمے پن نے بدترین معاشی افراتفری کو بھی جنم دیا ہے، اس معاشی افراتفری کے نتیجے میں عوام تاریخی مہنگائی کے ناقابلِ برداشت بوجھ تلے دبے جارہے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بجلی، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کئی گنا تک کا اضافہ بنیادی اشیائے ضروریہ خصوصا خورونوش کے لوازمات کے عوام کی دسترس سے دور کرنے کی وجہ بن رہا ہے، ربطِ جسم و جاں برقرار رکھنا زندگی کا مشکل ترین مرحلہ بن کر رہ گیا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ چیئرمین عمران خان نے امپورٹڈ سرکار کے ہاتھوں اس سفاکانہ مہنگائی کیخلاف ملک بھر میں فوری طور پر بھرپور احتجاج کی خصوصی ہدایات دی ہیں، عمران خان نے تحریکی ذمہ داران کو عوام کی آواز بننے اور پرامن مگر مثر احتجاج سے حکومتی فیصلہ سازوں کو جھنجھوڑنے کی تلقین کی ہے۔ انکا کہنا ہے کہ ضلعی صدور اپنی تنظیمی سطح (ضلع/ تحصیل وغیرہ) پر اس جان لیوا مہنگائی کیخلاف احتجاج کی بلاتاخیر منصوبہ بندی کریں، اس حوالے سے سرگرمیوں کی تفصیلات ایک باضابطہ پلان کی شکل میں اپنے بالائی نظم کو 12 ستمبر بروز سوموار تک ارسال کریں۔ پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ صوبائی اور ریجنل ذمہ داران ضلعی صدور کی جانب سے موصول ہونے والے یہ تمام منصوبہ ہائے عمل بلاتاخیر مرکز کو ارسال کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں