عمر سرفراز چیمہ

عمران خان پر حملہ کرنے والے ایک سے زائد تھے،حملہ آور کو عمران خان پر حملے کی تربیت دی گئی تھی

لاہور( عکس آن لائن) وزیراعلیٰ کے مشیر برائے داخلہ و اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان پر ایک سوچی سمجھی اور منظم سازش کے تحت حملہ کیا گیا اور حملہ ایک سے زائد تھے،حملہ آور کو عمران خان پر حملے کی تربیت دی گئی تھی، فرانزک ٹیسٹ میں عمران خان کے گارڈز کے اسلحے کو کلیئر کیا گیا ہے،مسلم لیگ (ن)کے رہنمائوںکو عمران خان پر حملے کی تحقیقات کے لئے بلایا گیا تھا لیکن وہ نہیں آئے، اگر دوبارہ سمن کرنے پر یہ لوگ نہیں پیش ہوں گے تو ان کی گرفتاری کے آرڈر جاری کئے جائیں گے۔

ڈی جی پی آر میں مصدق عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمرسرفراز چیمہ نے کہا کہ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ ان کا دامن صاف ہے ان کو بالکل بھی گھبرانا نہیں چاہیے، پہلے دن سے وفاقی حکومت اور مسلم لیگ (ن)کی طرف سے کہا گیا تھا عمران خان پر حملہ کرنے والا مذہبی جنونی شخص ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستانی نژاد تسنیم حیدر نے لندن میں پریس کانفرنس کی، اس نے بتایا نوازشریف، مریم نواز، ناصر بٹ اور دیگر عمران خان پر حملے کی گھنائونی سازش میں پوری طرح ملوث ہیں، اس کے پاس آڈیو، ویڈیو ثبوت موجود ہیں جو اس نے برطانوی پولیس کو مہیا کر دئیے ہیں، تسنیم حیدر جے آئی ٹی سے رابطے میں ہے، اس ساری تحقیقات کو الگ سے دیکھا جا رہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ عمران خان کے گارڈز کی جانب سے کوئی فائر نہیں کیا گیا، فرانزک میں گارڈز کے اسلحے کو کلیئر کیا گیا ہے۔ حملہ آور ایک سے زائد تھے، مخالفین کی جانب سے جو تاثر پیدا کیا گیا اس میں کوئی سچائی نہیں تھی۔مصدق عباسی نے کہا کہ پولی گرافی رپورٹ میں مشینوں کے ذریعے پتہ لگایا جاتا ہے کہ بولنے والا سچ بول رہا ہے یا جھوٹ بول رہا ہے، نوید کو پولی گرافی ٹیسٹ سے گزارا گیا ، پولی گرافی رپورٹ کے مطابق عمران خان پر حملے میں اور لوگ بھی شامل تھے، پولی گرافی ٹیسٹ کے مطابق نوید نے باقاعدہ تربیت حاصل کی، نوید ایک تربیت یافتہ ہے اور اس نے باقی لوگوں کے ساتھ مل کر حملہ کیا، یہ تعداد کتنی تھی یہ بات سامنے آنا باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ زبیر نیازی نے جے آئی ٹی کو جوائن نہیں کیا، عمران خان اور زبیر نیازی جے آئی ٹی میں اس لیے شامل نہیں ہو رہے کہ وہ ہائیکورٹ میں گئے ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں