عمران خان

عمران خان نے پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا الیکشن کمیشن کا نوٹس ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

لاہور ( عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا الیکشن کمیشن کا نوٹس چیلنج کر دیا۔عمران خان نے الیکشن کمیشن کے 7دسمبر کے نوٹس کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے اختیارات سے تجاوز کر کے پارٹی عہدے سے ہٹانے کی کاروائی کر رہا ہے، الیکشن کمیشن نے 7دسمبر 2022کو پی ٹی آئی چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے کیلئے غیر قانونی طور پر نوٹس جاری کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے روبرو اپنے مکمل اثاثے ظاہر کر رکھے ہیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کو معطل کرنے کا حکم دیا جائے ۔عدالت درخواست گزار کی استدعا پر الیکشن کمیشن کو کاروائی سے روکنے کا حکم دے اور الیکشن کمیشن کے خلاف قانون اقدام کو کالعدم قرار دیا جائے ۔واضح رہے کہ گزشتہ سال 20 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

دورانِ سماعت ایڈووکیٹ آفاق احمد کا کہنا تھا کہ نااہل عمران خان کو چیئرمین شپ سے ہٹایا جائے، اس کیس میں از خود نوٹس بنتا ہے، الیکشن کمیشن فیصلے میں نااہلی کی وجوہات دی گئی ہیں، دیکھنا ہے کہ عمران خان صادق اور امین ہیں کہ نہیں، عمران خان کا لیگل اسٹیٹس دیکھیں، وہ نااہل ہیں۔بعد ازاں آفاق احمد کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کیس کی سماعت 10 جنوری تک ملتوی کر دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں