ہمایوں اختر خان

عمران خان نے ملک کی خاطر اسمبلیاںتحلیل کرنے کی قربانی دی ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی سیاست کو پس پشت ڈالتے ہوئے ملک کی خاطر دو صوبوں کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کی قربانی دینے کا اعلان کیا ،حالات کا تقاضہ یہی ہے کہ پورے ملک میں بیک وقت عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے تاکہ غیر یقینی کی فضا ختم ہو اور ملک میں تیزی سے ماند پڑتی معاشی سر گرمیاں بحال ہوسکیں ۔

پارٹی سیکرٹریٹ میں لبرٹی چوک میں منعقدہ اجتماع میں شرکت پر حلقے کے اکابرین اور متحرک کارکنوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عمران خان کے فیصلے کے بعد تیرہ جماعتی اتحاد کو اس حوالے سے فی الفور مشاورت کا آغاز کر کے عام انتخابات کی تاریخ دینے اور صاف اور شفاف انتخابات کیلئے فریم پر مذاکرات کرنے چاہئیں ۔ عوام پی ٹی آئی یا پی ڈی ایم اتحاد میں سے جسے بھی حکومت میں آنے کا موقع دیں تو وہ پانچ سال کیلئے اعتماد کے ساتھ اپنی پالیسیوں کا نفاذ کرے تاکہ ملک کو ہیجانی کیفیت سے باہر نکالا جا سکے ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عمران خان نے ملک و قوم کی خاطر پنجاب اور خیبر پختوانخواہ کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا ہے حالانکہ یہاں مثالیں موجود ہیں کہ کوئی ایک گھنٹے کے لئے بھی اقتدار کی کرسی چھوڑنے کو تیار نہیں ہوتا لیکن ملک کے معاشی حالات جس نہج پر پہنچ چکے ہیں وہاں سب کو اپنی اناء کو ایک طرف رکھ کر ملک کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ امید ہے کہ تیرہ جماعتی اتحاد عمران خان کے اعلان پر مثبت سوچ کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے عام انتخابات کی تاریخ دینے کی طرف پیشرفت کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں