وفاقی وزیر داخلہ

عمران خان تحریک عدم اعتماد میں نہ بچا تو دوتہائی اکثریت سے واپس آئے گا،شیخ رشید

اسلام آباد(نمائندہ عکس ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمھیں کچھ نہیں ملنے والا، عمران خان تحریک عدم اعتماد میں نہ بچا تو دوتہائی اکثریت سے واپس آئے گا،وہ آئے گا اور چھا جائے گا، تم دیکھتے رہ جاﺅ گے،جے یو آئی کو شوکاز نوٹس دیا ہے ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سڑکیں کھلی رکھنے کا حکم دیا، ان پر مقدمہ درج کرائیں گے، عوام کی سلامتی ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، مال سے لوگوں کو خریدا جا رہا ہے، مال ہی ان کا مائی باپ ہے، عمران خان آخری گیند تک ان کےساتھ کھیلے گا، یہ بیماریوں کومینج کر کے بھاگنے والے لوگ ہیں، بھاگ تو شہباز شریف بھی رہے تھے، ایئرپورٹ پر پکڑ لیا، یہ ووٹ کوعزت دے رہے ہیں، واجبی سی ریلی لاہور سے آ رہی ہے ، لندن سے فوج کیخلاف جو کہا اس پر یہ چلو بھر پانی میں ڈوب مریں۔اتوار کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اﷲ نے وزارت داخلہ کو حکم جاری کیا ہے کہ سری نگر ہائی وے ہر صورت کھلا رہنا چاہئے اور لوگوں کی امن و سلامتی کا خیال رکھا جائے۔ گزشتہ روز ہم نے جے یو آئی (ف) کو جلسے کی اجازت دی تھی جبکہ آج بھی سری نگر ہائی وے پر غیر قانونی طور پر بیٹھے ہیں۔ ہم نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ ہے جے یو آئی (ف) جگہ خالی نہیں کرے گی یہ ان لوگوں کی ضد ہے اور اس کا کوئی علاج نہیں۔ ہم ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائیں گے۔ شیخ رشید احمد نے مولانا فضل الرحمن کو مخاطب کرتے ہوئے یہ شعر پڑھا کہ آہوں سے سوز عشق مٹایا نہ جائے گا‘ پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جلسے میں عوام کا سمندر ہوگا۔ گینگ آف تھری نے کرنل قذافی ‘ صدام حسین اور اسامہ بھی لادن کا مال نہ چھورا۔ انہوںنے کہا کہ مال ان کا مائی باپ ہے۔ مال کے ذریعے یہ لوگوں کے ضمیر کو خرید رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ضرورت پڑتی ہے تو یہ بھگوڑے بھاگ جاتے ہیں۔ سعودی بادشاہ عبداﷲ نے شریف برادران کو سعودی عرب میں پناہ دی اس کے بعد سعودی بادشاہ کو غلط لوگوںکو پناہ دینے کا بہت افسوس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ، لندن سے فوج کیخلاف جو کہا اس پر یہ چلو بھر پانی میں ڈوب مریں۔ نواز شریف کی آرمی چیف سے بھی نہ بنی۔ شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کی واجبی ریلی لاہور سے آرہی ہے جبکہ 28تاریخ کو (ن) لیگ کو بھی جلسے کی اجازت دی گئی ہے۔ اگر 28تاریخ کو قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف قرارداد عدم اعتماد پیش ہوگئی تو تین یا چار اپریل کو اعتماد کا ووٹ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے عمران خان نے کہا ہے کہ عمران خان آخری بال تک کھیلے گا اور تم بھول جاﺅں گے۔

اقتدار کے بھوکوں کا ایک ہفتے کا پروگرام ہے وہ یاد رکھیں کہ ان کی نالائقیوں اور نااہلیوں سے عمران خان مقبول ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سات دن کے لئے قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ وزارت داخلہ کا کنٹرول روم کھلا ہے اور میں یہاں موجود ہوں۔ انہوں نے اپوزیشن کو کہا کہ اگر آپ نے کوئی تصادم کیا تو قانون کے مطابق کارروائی کریں گے اس کے بعد نتیجہ چاہے کوئی بھی ہو۔ آپ کا احترام سر آنکھوں پر ریلی کرنے کا(ن) لیگکو حق ہے جبکہ جے یو آئی (ف) کی جگہ اور وقت ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق انتظامیہ ایکشن لے گی۔ انہوں نے کہا کہ گینگ آف تھری کا معیار اتنا گر چکا ہے کہ قاتلوںکو بھی دبئی سے بلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا ڈی جی ایف آئی سے رابطہ ہوا تو پتہ چلا کہ نواز شریف کل صبح آرہے ہیں شاید وہ کراچی پہنچ جائیں اور وہ کہہ رہے ہیں کہ انہیں پروٹیکشن بیل ہوئی ہے۔

میں دنیا سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا ایسا قانون ہے کہ غیر ملک میں آدمی ضمانت لے۔ میں نے ساری زندگی سیاست کی جنرل یحییٰ کے دور میں بے گناہ جیل کاٹی میں نے کبھی نہیں سنا کہ دبئی میں بیٹھ کر پروٹیکشن بیل کسی کو ملی ہو۔ ان ساری مجرموں کو لینڈ کرتے ہی ای سی ایل کرکے گرفتار کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ میری جے یو آئی (ف) سے گزارش ہے کہ سری نگر ہائی وئے کو کھلا رکھا جائے جو آپ کا علاقہ ہے آپ وہاں رہے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو کہا کہ اگر آپ کا مقصد ہنگامہ آرائی اور لوگوں کا راستہ روکنا ہے تو ایسا بالکل بھی نہیں ہوگا میں کنٹرول روم سے تمام افسران کی ڈیوٹیوں کو مانیٹر کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو عمران خان سے استعفیٰ مانگ رہا ہے جبکہ مولانا فضل الرحمن کہتے ہیں کہ عمران خان نے اپنی آخری تقریر کرنی ہے۔ فضل الرحمن اﷲ سے خیر کی مدد مانگو۔عمران خان کہیں نہیں جارہا عمران خان اسمبلی یا عوام میں جیتے جبکہ وہ لوگوںکے دلوں میں زندہ ہوچکا ہے۔ عمران خان آئے گا اور چھا جائے گا اور تم دیکھتے رہ جاﺅگے۔ مولانا فضل الرحمن مدرسوںکو اپنے ذاتی مفاد میں مت جھونکو یہ مدرسے اسلام کے مینار ہیں۔ بھگوڑوںکی پارٹیوںکی اولاد کی نیشنلٹی اور جائیدادیں باہر ہیں یہ سیاسی کفن فروش ملک کو لوٹنے کے لئے آتے ہیں یہ لوگ کانسٹیٹیوشن ایونیو میں اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ خبر ہے تم لوگ جو سوچ رہے ہو وہ نہیں ہونے جارہا ۔ جو لوگ اقتدار کو اپنی جھولی میں لانے کا سوچ رہے ہیں ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں چار اپریل تک میڈیا سے خصوصی بات کروں گا۔ بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف اور مافیا مال لگاتے ہیں اور فساد پھیلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ ان کے پلیٹلٹس کم ہورہے ہیں مگر اس کے بعد کسی نے ان کے رنگ پلیٹس بھی نہیں دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خبر تھی ملک دشمن عناصر او آئی سی اجلاس کے خلاف کھیل کھیلنے جارہے ہیں ہماری فوج ‘ ایجنسیوں اور پولیس نے امن و امان کو برقرار رکھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کبھی میری بات کا انکار نہیں کیا میں کابینہ میں غریب کی آواز ہوں مجھے چینی‘ آٹے اور دالوں پر پرانا شیخ کہا گیا۔ میری خواہش ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ایسا انقلاب آئے کہ چور لٹیروں اور ضمیر فروشوں کا خاتمہ کیا جاسکے اور مسائل زدہ لوگوں کی آواز اسمبلی میں سنی جاسکے۔ میری ایمرجنسی لگانے کے مشورے کو عمران خان نے مسترد کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں