ہمایوں اختر خان

علاقے کی پسماندگی ،محرومیاں دور کرنے کیلئے تیز رفتار ترقی کا نیا ماڈل متعارف کرائیں گے ‘ ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ(عکس آن لائن)استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر نائب صدر و حلقہ این اے 97سے امیدوار ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ علاقے کی پسماندگی اور محرومیاں دور کرنے کے لئے تیز رفتار ترقی کا نیا ماڈل متعارف کرائیں گے ،اب حلقے میں صرف عوام کی خدمت کی سیاست ہو گی ، ہم پر عزم ہیںکہ اپنے انقلابی منشور پر عملدرآمد کر کے کسانوں اور نوجوانوں کی مایوسی دور کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوںنے حلقہ پی پی 102سے امیدوار سردار سکندر حیات جتوئی اور پی پی 103سے امیدوار رانا نعیم اقبال کے ہمراہ انتخابی مہم کے سلسلہ میں مختلف مقامات پر کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر رائے ماجد خان نمبردار،رائے ثاقب کھرل ،فوجی اورنگزیب کھرل، رائے یعقوب کھرل ، رائے عارف کھرل ، رائے محمد اسلم کھرل،رائے سیف کھرل، رائے محمد اشرف کھرل ، راء عباس کھرل، رائے بارق اللہ کھرل، رائے ساجد کھرل بھی موجود تھے ۔ ہمایوںاخترخان نے دربار چرخی شریف پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔

اس موقع پر پیر خواجہ فخر حسین منیری، پیر محمد شاہ قریشی، پیر تنویر شاہ قریشی، صاحبزادہ قدیر حسین منیری، صاحبزادہ عدیل حسین منیری اور دیگر بھی موجود تھے ۔کارنر میٹنگز کے دوران علاقہ عمائدین کی جانب سے ہمایوں اختر خان اور ان کے پینل کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران حلقے کی عوام نے جس طرح پذیرائی دی ہے اسے کبھی فراموش نہیں کر سکتے ، ہم آ پ کی محبتوں کے مقروض ہیں ، یہاں کی محرومیوں کا ازالہ کر یں گے ، اس کیلئے تیز رفتار ترقی کا نیا ماڈل متعارف کرائیں گے۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ کسانوں اور نوجوانوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کیلئے جن منصوبوں کا وعدہ کیا ہے وہ زبانی جمع خرچ نہیں ،آپ لوگوں نے ہمارا ساتھ دینا ہے ان شا اللہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد آپ کو ایک لمحے کی تاخیر کئے بغیر خدمت کرتے نظر آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں واضح اعلان کر چکا ہوں کہ اب میری باقی کی سیاست اس حلقے کے لئے ہے اور اب آپ کا اور ہمارا ساتھ رہے گا اور ہم مل کر علاقے کی ترقی کریں گے۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ معیاری تعلیم ، صحت کی سہولیات ، صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے نظام کی بہتری بنیادی سہولیات ہیں ان کی فراہمی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ،ہم نے علاقے میں معاشی سر گرمیوں کو بھی فروغ دینا ہے تاکہ نوجوانوں میں پائی جانے والی مایوسی کا خاتمہ ہو سکے ، ان شا اللہ اس علاقے کے نوجوانوں اورکسانوں کی زندگی میں انقلابی تبدیلی لا کر دکھائیں گے اور میرا عاجزی سے دعویٰ ہے کہ اس علاقے میں ہونے والی ترقی کی مثالیں دیں جائیں گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں