وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

عالمی برادری بھارت میں اقلیتوں کے مذہبی، انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے، وزیر خارجہ

ملتان(عکس آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دنیا سے بھارت میں اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں، کے انسانی و مذہبی حقوق کی پامالی کا نوٹس لینے پر زور دیا اور کہا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنانا اور ان کے گھروں کو تباہ کرنا انتہائی خطرناک موڑ کا آغاز ہے جس کو روکا نہیں گیا تو یہ آہستہ آہستہ پورے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نئی دہلی میں جس طرح عام مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور ان کے گھروں کو تباہ کیا جارہا ہے جبکہ پولیس کچھ نہیں کر رہی، انتہائی خطرناک موڑ کا آغاز ہے جس کو روکا نہیں گیا تو یہ آہستہ آہستہ پورے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسیحیوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف بھی حملے کیے جارہے ہیں۔انہوں نے بنگلہ دیش کے مسلمانوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے نئی دہلی میں مسلمانوں کے خلاف فسادات پر بھارتی وفد کے اپنے ملک کے دورے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے افغانستان کے مسلمانوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے کابل اور قندرہار میں بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام پر مظاہرے کیے۔شاہ محمود قریشی نے ایرانی قیادت اور اس کے سپریم لیڈر کی بھارتی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کو سراہا۔او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی سفیر برائے کشمیر کے دورے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے تمام حقائق خصوصی سفیر کے سامنے رکھ دیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خصوصی سفیر آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو ایک تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عوام اور حکومت پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو اپنے حق خود ارادیت کی جدو جہد میں اکیلے نہیں ہیں۔بھارتی مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پوری امہ آپ کے ساتھ کھڑی ہیں اور اپنے درد کو سمجھتی ہے۔افغانستان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بین الافغان مذاکرات سے آئندہ کے لائحہ عمل پر بات آگے بڑھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں