ہمایوں اختر خان

طبی عملے کو حکومتی سطح پر تحسین کے طو رپر خصوصی میڈلز دئیے جانے چاہئیں ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور (عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت کورونا سے متاثرہ مریضوں اور ان کے علاج پر مامور طبی عملے کیلئے پوری دنیا سے ڈھونڈ کر سامان پاکستان لا رہی ہے اور اس کےلئے خصوصی پروازیںبھجوائی جارہی ہیں،متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والا طبی عملہ ہمارے فرنٹ لائن سولجرز ہیں اور پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کررہی ہے ،

اس وباءکے کنٹرول میں آنے کے بعد طبی عملے کو حکومت کی سطح پر تحسین کے طو رپر خصوصی میڈلز دئیے جانے چاہئیں ،حکومت کورونا کی وباءکو پھیلنے سے روکنے اور اس کے ساتھ معمولات زندگی کو چلانے کےلئے انتہائی محتاط انداز میں فیصلے کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے حلقے کے مختلف مقامات پر امدادی سر گرمیوں کے حوالے سے ٹیلیفون پر جائزہ اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پاکستان کو آج جتنے مشکل حالات کا سامنا ہے تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی لیکن اس کے باوجود وزیر اعظم عمران خان مضبوط اعصاب کے ساتھ نہ صرف حالات کا مقابلہ کر رہے ہیں بلکہ ان مشکلات حالات میں سے آگے بڑھنے کےلئے راستے بھی نکال رہے ہیں۔ عالمی اداروں نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود کورونا کی وباءکو کنٹرول کرنے کےلئے مثبت اقدامات اٹھائے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ حکومت کمزور طبقات کا سہارا بھی بنی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ زندگیاں بچانا اور اس کے ساتھ ساتھ معمولات کو زندگی کو چلانا مشکل کام ہے اور حکومت انتہائی محتاط انداز میں بروقت فیصلے کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کے بعد پنجاب میں انصاف امداد پروگرام کے تحت بھی مالی امداد کا سلسلہ شروع ہو نے جارہا ہے جبکہ پارٹی رہنما ، اراکین اسمبلی اور مخیر حضرات بھی کمزور طبقات کی امداد جاری رکھے ہوئے ہیں جو حکومت کے شانہ بشانہ چلنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن کی طرح موجودہ حالات میں سیاست نہیں کرنا چاہتے اور ہماری توجہ صرف کوررونا کی وباءکو کنٹرول کرنے اور کمزور طبقات کی مدد پرمرکوز ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں