جمشید اقبال چیمہ

ضمنی انتخابات میں لوٹوں اور ان کی سرپرستی کرنے والوں کو سرپرائز دینگے’ جمشید اقبال چیمہ

لاہور(نمائندہ عکس) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 42 فیصد پر پہنچ چکی ہے لیکن امپورٹڈ حکومت کی توجہ مخالفین کی آواز دبانے پر مرکوز ہے ،نام نہاد تجربہ کاروں نے پاکستان کو ڈیفالٹ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے لیکن پھر بھی سب اچھا کی رپورٹ دی جارہی ہے ، ضمنی انتخابات میں لوٹوں اور ان کی سرپرستی کرنے والوں کو سرپرائز دیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضمنی انتخابی حلقہ پی پی 158میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے زراعت کے شعبے میںبے پناہ کامیابیاں سمیٹیں،کسانوں کو بروقت ادائیگیاں ہوئیں،اس سے نہ صرف فصلوں کی پیداوار بڑھی بلکہ ہماری زرعی برآمدات میں بھی 22 فیصد اضافہ ہوجس سے اس کا حجم4.8 ارب ڈالر سے بڑھ کے 6.2 ارب ڈالر ہو گیا ،امپورٹڈ حکومت نے آتے ہی تمام شعبوں کی طرح زرعی ترقی کو بھی ریورس گیئر لگا دیا ہے

انہوں نے کہا کہ حلقے کی ہر گلی اور ہر وارڈ کا جوش و خروش بتا رہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف یہ الیکشن ایک ریکارڈ لیڈ سے جیتے گی،یہ الیکشن پاکستان کی بقا ء کی جنگ ہے ہم نے پاکستان کو بیرونی تسلط سے آزاد کرانا ہے اور اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ جعلی وزیر اعلیٰ کے اقتدار کو طول دینے کے لئے ایڑھی چوٹی کا زور لگایا جارہا ہے اور ہمیں معلوم ہے کہ کرپٹ لیگ کی قیادت اور ان کے حواری ضمنی انتخابات میں دھونس اور دھاندلی کی اپنی روایات کو پروان چڑھانے کے لئے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں