شوکت یوسفزئی

صوبائی کابینہ میں تبدیلی وزیر اعلیٰ کا اختیار ہے ،شوکت یوسفزئی

پشاور(عکس آن لائن)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو حکومت میں تاریخ کا سب سے بڑا مالی خسارہ ملا تھا، وزیراعظم عمران خان کے درست اور سخت فیصلوں کی وجہ سے معیشت مضبوط ہو رہی ہے گزشتہ جون سے ابتک حکومت نے اسٹیٹ بینک سے ایک روپیہ قرض نہیں لیا۔ صوبائی کابینہ میں تبدیلی وزیر اعلیٰ کا اختیار ہے جو جلد ہو گی۔ حکومت ہر قسم کے احتساب کے لیے تیارہے۔

بلین ٹری سونامی ایک کامیاب منصوبہ ہے۔ صحافیوں کی مثبت تنقید سے حکومت کو اصلاح کا موقع ملتا ہے۔ ہر سال پریس کلب کے بروقت انتخابات کو یقینی بنانے پر پشاور پریس کلب تعریف کا مستحق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب کے دورے پر نو منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اطلاعات سید امتیاز حسین شاہ اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات امداد اللہ بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے ڈالر کے ریٹ کو مصنوعی طریقے سے اپنی جگہ قائم رکھا تھا۔ جس کے لیے بار بار قرضے لیے گئے۔ ڈالر کے مصنوعی استحکام سے معیشت ترقی نہیں کر سکی اور کرنٹ ڈیفیسٹ میں اضافہ ہوا۔ حکومت کے سخت فیصلوں کی وجہ سے معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور ایکسپورٹ بڑھ رہی ہیں کئی مہینوں سے حکومت نے اسٹیٹ بینک سے ایک روپے قرض نہیں لیا۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے حقیقت پسند ہونا چاہیے پچھلی حکومتوں نے بجلی 1250 ارب، گیس 154 ارب اور پی آئی اے کو 375 ارب خسارے میں رکھا، خسارہ اور قرضہ ختم کیے بغیر حکومت عوام کو ریلیف دینے کی پوزیشن میں نہیں تھی پی آئی اے کے خسارے میں 30 فیصد کمی ہوئی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ بہت ہی کم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی بہت کامیاب منصوبہ ہے پوری دنیا میں بون چیلنج ہمارے صوبے نے کامیابی سے پورا کیا جس کی وجہ سے ملک کی نیک نامی ہوئی منصوبہ میں کسی بھی قسم کے احتساب کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں توسیع وزیر اعلیٰ محمود خان کا اختیار ہے جو بہت جلد ہو گی وزیر اعلیٰ کارکردگی یا بہتر کام لینے کے لیے وزراء کے قلمدان تبدیل کر سکتے ہیں اسمبلی اجلاس میں وزراء کی حاضری یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پشاور پریس کلب جمہوری انداز میں ہر سال انتخابات بر وقت یقینی بنائے جس کے لیے یہ مبارکباد کے مستحق ہیں انتخابات کے بعد سارے صحافی کابینہ کے ساتھ پورے سال اتفاق سے چلتے ہیں سیاست میں بھی ایسا ہونا چاہیے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ کان ناک ہوتے ہیں حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں صحافیوں کی مثبت تنقید سے حکومت کو اصلاح کا موقع ملتا ہے ایسی تنقید کی جائے جس سے عوام کو فائدہ ہو حکومت صحافیوں کے مسائل حل کرے گی تاکہ صحافی اپنے کام پر پوری توجہ دے سکیں صحت کے مسائل کے حل کے لیے اس سال صحت انصاف کارڈ جاری کر دیئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے پشاور پریس کلب کے نو منتخب صدر سید بخار شاہ کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور پریس کلب بلڈنگ کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں